نتیش کمار پر قومی ترانہ کی توہین کرنے کا الزام

پٹنہ (آئی اے این ایس) کھیل کود کی ایک تقریب میں قومی ترانہ پڑھے جانے کے دوران چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے غیرمعمولی رویہ اختیار کرنے کے ایک دن بعد قائد اپوزیشن تیجسوی یادو اور رابڑی دیوی کی زیرقیادت اپوزیشن نے جمعہ کے روز بہار اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں زبردست ہنگامہ آرائی کی۔

اسمبلی کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرنا شروع کردیا اور نعرے لگائے ”راشٹرگان کا اپمان، نہیں سہے گا ہندوستان“۔ تیجسوی یادو نے چیف منسٹر نتیش کمار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا اور الزام عائد کیا کہ انہوں نے پٹنہ میں سیپک تکرا ورلڈ کپ کے افتتاح کے دوران قومی ترانہ کی توہین کی ہے۔

انہوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ قومی ترانہ پڑھے جانے کے دوران وہ باتیں کررہے تھے، ہنس رہے تھے اور ہاتھ جوڑے ہوئے تھے جبکہ پرنسپال سکریٹری دیپک کمار کے ساتھ مسلسل بات چیت کررہے تھے۔ اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج منظم کئے اور اسے ایک بڑا مسئلہ بنایا۔ تیجسوی یادو نے اس مسئلہ پر بیان دینے کیلئے وقت مانگا لیکن اسپیکر نے ان کی درخواست مسترد کردی، جس کے نتیجہ میں ایوان میں افراتفری پیدا ہوگئی۔

اپوزیشن ارکان کی مسلسل نعرہ بازی کے دوران وقفہ سوالات جاری رہا۔ یادو نے کہا کہ ہم چیف منسٹر کا شخصی طور پر احترام کرتے ہیں لیکن جب کوئی قومی ترانہ کی توہین کرتا ہے تو ہندوستان اسے کسی قیمت پر برداشت نہیں کرے گا۔ وزیر پارلیمانی امور وجئے کمار چودھری نے اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔ چودھری نے کہا بہار کے عوام جانتے ہیں کہ چیف منسٹر قومی ترانہ کا کتنا احترام کرتے ہیں، کسی کو اس پر زبردستی سوال اٹھانے کی ضرورت نہیں۔

توقع ہے کہ اپوزیشن اپنا احتجاج جاری رکھے گی جبکہ حکومت اپنے موقف پر اٹل ہے۔ اس مسئلہ کے سیاسی طور پر شدت اختیارکرنے کا امکان ہے اور چیف منسٹر سے رسمی طور پر وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ سیپک تکرا ایک ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑی بال کو اپنے ہاتھوں سے چھوئے بغیر کھیلتے ہیں۔

وہ اپنے سر، سینہ اور پیروں سے بال کو مارتے ہیں۔ سیپک کا مطلب بال ہوتا ہے اور یہ کھیل انڈونیشیاء، ملیشیاء، میانمار، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک میں بہت زیادہ مقبول ہے۔ اب یہ ہندوستان میں بھی مقبولیت اختیار کرتا جارہا ہے۔ اِس کھیل میں 20 ممالک حصہ لے رہے ہیں جو پٹنہ کے کنکرباغ محلہ میں پاٹلی پترا اسپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *