سکھس فار جسٹس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے، امریکی نیشنل انٹلی جنس سے ملاقات میں راجناتھ کا مطالبہ

نئی دہلی (پی ٹی آئی) امریکی نیشنل انٹلیجنس کی ڈائرکٹر تلسی گبارڈ کی ہندوستان میں میٹنگس میں خفیہ معلومات کے تبادلے، دفاع، انسدادِ دہشت گردی اور بین قومی خطرات کے شعبوں میں باہمی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ایک امریکی عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ ڈائرکٹر آف نیشنل انٹلیجنس (ڈی این آئی) کے دفتر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گبارڈ کا ڈھائی روزہ دورہ نئی دہلی‘ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دہائیوں قدیم مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتا ہے جن میں وزیراعظم نریندر مودی اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان دوستی اور قیادت کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے۔ تلسی گبارڈ اتوار کے روز قومی دارالحکومت پہنچی تھیں۔

ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کے کسی سرکردہ عہدیدار کا یہ پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہند تھا۔ تلسی گبارڈ نے وزیراعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جئے شنکراور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈائرکٹر آف نیشنل انٹلیجنس نے کئی باہمی ملاقاتیں کیں جن میں وزیراعظم ہند نریندر مودی سے ملاقات بھی شامل ہے۔

تلسی گبارڈ کی ہندوستان میں میٹنگوں میں انٹلیجنس کے تبادلے، دفاع، انسدادِ دہشت گردی اور بین قومی خطرات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گبارڈ نے رائے سینا ڈائیلاگ میں بھی تقریر کی اور جنگوں سے متاثرہ علاقوں میں قیام امن کیلئے ٹرمپ کی کوششوں کا تذکرہ کیا۔

وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے تلسی گبارڈ کے ساتھ اپنی ملاقات میں انہیں امریکی سرزمین پر سکھس فار جسٹس (ایس ایف جے) کی سرگرمیوں پر ہندوستان کی تشویش سے واقف کروایا اور ان سے اپیل کی کہ وہ خالصتانی علیحدگی پسند گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیں۔

دونوں کی بات چیت ختم ہونے پر ذرائع نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ نے تلسی گبارڈ کو پاکستان کی جاسوسی ایجنسی انٹرسرویسس انٹلیجنس (آئی ایس آئی) کے ساتھ ایس ایف جے کے مبینہ تعلقات اور ببرخالصہ نامی انتہاء پسند گروپ کے ساتھ اِس کے اشتراک سے بھی واقف کروایا اور تنظیم کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *