
اجمیر (آئی اے این ایس) آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے سربراہ سید نصیرالدین چشتی نے جو حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کی اولاد میں ہیں‘ صوفی روایات کے تعلق سے وزیراعظم نریندر مودی کی سوچ کی تعریف کی۔
جمعہ کے دن وزیراعظم نے نئی دہلی میں سندر نرسری میں صوفی میوزک فیسٹیول ”جہان ِ خسرو 2025“ میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے دوران ِ خطاب لوگوں کو مقدس ماہ رمضان کی مبارکباد دی تھی اوراسلام کو بھائی چارہ کا مذہب قراردیا تھا۔
سید نصیرالدین چشتی نے اتوار کے دن کہا کہ مودی وزیراعظم بننے کے بعد سے تصوف کے کئی پروگرامس میں شرکت کرچکے ہیں۔ گجرات کی چیف منسٹری کے دوران بھی انہیں صوفی بزرگوں سے لگاؤ تھا۔
وزیراعظم نے جہان ِ خسرو 2025 میں صوفی شاعر امیر خسرو اور صوفی روایات کی ستائش کی۔ ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے تصوف کو اچھی طرح پڑھا ہے۔
آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے سربراہ نے کہا کہ مودی کے تعلق سے مسلمانوں کی سوچ اب پہلے جیسی نہیں رہی۔ سارے ملک کو وزیراعظم نریندر مودی کی جمعہ کی تقریرضرور سننی چاہئے۔