جگتیال: یونس ندیم دوسری معیاد کے لیے قلعہ عیدگاہ کمیٹی کے چیئرمین منتخب

تلنگانہ کے جگتیال  میں صدر ملت اسلامیہ جگتیال عںدالباری کی صدارت میں مرکزی کمیٹی ملت اسلامیہ کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں ملت کے مختلف اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور کمیونٹی کے فلاح و بہبود کے لیے آئندہ کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔

 

میٹنگ میں مرکزی کمیٹی نے متفقہ طور پر صدر مجلس جگتیال یونس ندیم کو دوسری معیاد کے لیے قلعہ عیدگاہ  کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا۔ ان کے پہلے دورِ صدارت میں قلعہ عیدگاہ کی ترقی اور بہتر نظم و نسق کے لیے کیے گئے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے ان پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا۔

 

اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ سنٹرل کمیٹی جگتیال عبدالباری، سرپرستِ اعلیٰ مسیح الدین افسر انجینئر اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ اجلاس کے دوران یونس ندیم کی  شال پوشی کی گئی اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔

 

یونس ندیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے تمام اراکین اور ملت کے معززین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ قلعہ عیدگاہ کے نظم و نسق کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کمیونٹی کے اتحاد، تعلیم، سماجی بہبود اور فلاحی سرگرمیوں پر مزید توجہ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

اس اجلاس میں کئی دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں قلعہ عیدگاہ کی مزید ترقی، صفائی و ستھرائی، مذہبی و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ، اور ملت کے نوجوانوں میں دینی و عصری تعلیم کو فروغ دینے جیسے مسائل شامل تھے۔

 

میٹنگ کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ملت اسلامیہ کو مزید ترقی عطا فرمائے اور یونس ندیم کو ان کی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دینے کی توفیق عطا کرے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *