مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ صہیونی یرغمالیوں کی واپسی کا واحد راستہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل کرنا ہے۔ ہم جنگ بندی کے معاہدے پر تب تک کاربند رہیں گے جب تک کہ دشمن بھی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتا رہے۔
ترجمان ابو حمزہ نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک کے واقعات اور مسلسل رونما ہونے والے حالات یہ ثابت کرتے ہیں کہ قیدیوں کی واپسی اور استحکام کے قیام کا واحد راستہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد ہے۔ اس دوران فلسطینی مزاحمت نے اپنی ذمہ داریوں کو بہترین طریقے سے نبھایا ہے جبکہ دوسری طرف دشمن نے اپنے قیدیوں کو خطرناک اور غیر یقینی حالات میں چھوڑ رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم قابض صیہونی حکومت کو جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ صہیونی یرغمالیوں کی قسمت کا دار ومدار نتن یاہو کی پالیسیوں پر ہے۔