ایران اور ترکمانستان کے درمیان گہرے روابط ہیں، ایرانی وزیرخارجہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے ترکمانستان کے ہم منصب رشید مردوف کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہمان وزیرخارجہ کے ساتھ توانائی دیگر شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مفید مذاکرات ہوئے ہیں۔

انہون نے کہا کہ  ایران اور ترکمانستان کے درمیان بہت گہرے تعلقات ہیں۔ ہمارے درمیان دیرینہ ثقافتی اور تاریخی مشترکات ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس نے ترکمانستان کی آزادی کو تسلیم کیا۔ ہم غیر جانبداری کے اس اصول کا احترام اور خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکمانستان نے اقوام متحدہ میں امن اور سلامتی سے متعلق دو قراردادیں منظور کروائیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ان دونوں قراردادوں کی منظوری کی حمایت کے علاوہ ایران ان دونوں قراردادوں کے مقاصد پر ترکمانستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایرانی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے پرتپاک استقبال اور مذاکرات کے لئے ضروری شرائط پیدا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے بین الاقوامی معاملات پر ہمیشہ ترکمانستان کی حمایت کی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر امن اور سلامتی کے لئے ہمارے اقدامات کو ہمیشہ ایران کی حمایت حاصل ہے۔ دونوں ممالک مختلف امور میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *