مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔ خواہش مند افراد پرمٹ کے حصول کے لئے ویب سائٹ پر درخواست اپ لوڈ کی جاسکتی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں فلاحی تنظیموں اور انفرادی طور پر افطار دسترخوان لگانے کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کے لیے درخواستوں کی وصول کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رمضان المبارک کے دوران پرمٹ کے بغیر افطاری دسترخوان نہیں لگایا جاسکتا۔
افطاری دسترخوان لگانے والوں کو ادارہ امورحرمین نے ہدایت کی ہے کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق افطاری فراہم کریں۔ منظور شدہ کیٹرنگ سے افطاری تیار کرائی جائے روزہ داروں کو غیرمعیاری اشیا فراہم نہ کریں۔
پرمٹ کی درخواست میں جگہ کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے۔ افراد کو ایک جبکہ فلاحی تنظیم کو 10 دسترخوان لگانے کی اجازت ہوگی۔
افطاری ضوابط میں ہدایت کی گئی ہے کہ افطاری کے لیے فراہم کیا جانے والا کھانا معیار کے مطابق محکم انداز میں پیک کیا گیا ہو۔ ذیابیطس اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کے لیے مخصوص اشیا فراہم کی جائیں جو کم کیلوریز پر مشتمل ہوں۔
اس سے قبل سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین نے کہا ہے کہ مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین کی سہولت کیلیے بیرونی صحنوں میں سامان رکھنے کیلیے مفت لاکرز کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
مسجد الحرام کے مشرقی بیرونی صحن جو کہ الشبیکہ گیٹ نمبر 64 کے سامنے ہے وہاں انتظامیہ کی جانب سے لاکرز فراہم کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے لاکرز سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے ضوابط جاری کیے ہیں جس کے لیے لازمی ہے کہ نسک پورٹل کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کیا گیا ہو۔
مسجد الحرام آنے والے زائرین کو لاکرز کی سہولت حاصل کرنے کے لئے عمرہ پرمٹ اہلکاروں کو دکھانا ہوگا۔
اس کے علاوہ لاکرز میں ممنوعہ، خطرنا ک یا قیمتی اشیا نہ رکھی جائیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ 4 گھنٹے کے لیے لاکر الاٹ کیا جائے گا۔
کھانے پینے کی اشیا لاکرمیں رکھنے کی ممانعت ہے، جبکہ سامان کا وزن 7 کلو گرام سے زائد نہ ہو، اس کے علاوہ سامان بیگ میں رکھا ہونا چاہئے شاپرز میں رکھا گیا سامان قابل قبول نہیں کیا جائے گا۔