افغان حکام کی پاکستانی سرحد پر چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش؛ دفتر خارجہ کی تصدیق

پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یو این سلامتی کونسل کے وزراتی اجلاس میں شرکت کی اور غزہ سمیت بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژئی سے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے نیویارک میں پاکستانی برادری سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق آئی اے ای اے کے ڈی جی رافائیل ماریانو گروسی نے پاکستان کا دورہ کیا۔

شفقت علی خان نے مزید بتایا کہ پاک جاپان باہمی سیاسی مشاورت کا چوتھا دور ٹوکیو میں منعقد ہوا، جہاں  فریقین نے علاقائی و عالمی سطح پر دہشت گردی کے خطرات کا جائزہ لیا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے بار بار افغانستان میں جدیدترین امریکی ہتھیار چھوڑنے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ یہ جدید ترین ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھوں جانے کا خطرہ ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تحفظات ہیں۔ کسی بھی اہم شخصیت کو دورہ افغانستان سے قبل بریفنگ دی جاتی ہے تاکہ انہیں پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا جا سکے۔

طورخم بارڈر کی گزشتہ جمعہ سے بندش پر  ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بارڈر بندش ایک مشکل مسئلہ ہے جس میں مختلف ایجنسیاں شامل ہوتی ہیں۔ افغان حکام پاکستان کی طرف ایک پوسٹ بنانا چاہ رہے تھے۔ ہم نے افغان حکام سے کہا کہ اس معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پر ٹرکوں کے رکنے یا سرحد بند ہونے پر متعدد ادارے کام کررہے ہوتے ہیں۔طور خم سرحد پر افغان سائیڈ ہماری سرحد پر چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوششیں کررہی تھی۔سرحدوں کا میکنزم موجود ہے جس میں متعدد ادارے کام کر رہے ہوتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ  افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی جدید ہتھیاروں کو دہشت گرد استعمال کر رہے ہیں۔ یہ ہتھیار پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *