
نیو گورنمنٹ ڈگری کالج برائے اناث گولکنڈہ میں عالمی یوم مادری زبان کا انعقاد
حیدرآباد(راست)نیو گورنمنٹ ڈگری کالج برائے اناث، گولکنڈہ میں عالمی یوم مادری زبان تقریب کاانعقادعمل میں آیا۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر زرینہ بیگم،(تلگوشاعرہ)، سراج الدین نسیم(موٹیویشنل اسپیکر)اور اسماء سلطانہ،(اردو آفیسر) نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر زرینہ بیگم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں طلبہ کو تعلیمی قابلیت کے ساتھ ساتھ عملی مہارتوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ وہ زندگی کے ہر میدان میں خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے اپنی تلگو نظمیں بھی طالبات کو سنائیں۔سراج الدین عصیم نے اس موقع پر طالبات کوہندی میں کویتائیں سنائیں اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محنت اور لگن سے ہر شخص اپنی منزل حاصل کر سکتا ہے۔
اسماء سلطانہ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انسان میں جذبہ اور شوق ہو تو وہ کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔کالج کی پرنسپل پروفیسر ٹی سری لکشمی نے اپنے خطاب میں عالمی یوم مادری زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ہمارے کالج کے لیے فخر کی بات ہے کہ ہم اس موقع پر ملٹی لنگول (کثیرالسانی) شخصیات کی موجودگی میں یہ دن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس سال عالمی یوم مادری زبان مناتے ہوئے 25 سال مکمل ہو رہے ہیں جو کہ ایک سلور جوبلی موقع ہے۔آخر میں پرنسپل نے کالج کے تمام زبانوں کے شعبہ جات کو اس کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی
۔ اس تقریب میں ہندی کے صدرِ شعبہ ڈاکٹر وجے کمار، صدرِ شعبہ اردو، ڈاکٹر حمیرہ سعید،کالج اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔