کابینہ کی تقرری کمیٹی نے کہا کہ شکتی کانت داس کی تقرری وزیر اعظم کی مدت کار کے ساتھ ساتھ یا اگلے حکم، جو بھی پہلے ہو، تک رہے گی۔


شکتی کانت داس / یو این آئی
آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) کے سابق گورنر شکتی کانت داس وزیر اعظم نریندر مودی کے پرنسپل سکریٹری مقرر کیے گئے ہیں۔ انھوں نے آر بی آئی گورنر کے طور پر 6 سال تک اپنی خدمات دینے کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں سبکدوش ہوئے تھے۔ سبکدوشی کے کچھ ماہ بعد ہی اب انھیں اہم ذمہ داری دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فی الحال پرمود کمار مشرا وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری1- ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ اب شکتی کانت داس پرنسپل سکریٹری2- کے کردار میں نظر آئیں گے۔ شکتی کانت 1980 بیچ کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے شکتی کانت کی تقرری سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی تقرری وزیر اعظم کی مدت کار کے ساتھ ساتھ یا اگلے حکم، جو بھی پہلے ہو، تک رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ شکتی کانت داس دسمبر 2018 سے چھ سالوں تک آر بی آئی چیف رہے۔ ان کے پاس چار دہائیوں میں حکومت کے مختلف شعبوں میں وسیع تجربہ ہے۔ وہ مالیات، ٹیکسیشن، صنعت، بنیادی ڈھانچے وغیرہ شعبوں میں مرکزی و ریاستی حکومتوں میں اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ اپنے چھ سالہ مدت کار کے دوران شکتی کانت نے آر بی آئی کو کئی اہم چیلنجز سے پار دلایا، جس میں کووڈ19- وبا کے معاشی نتائج اور روس-یوکرین جنگ کا اثر بھی شامل تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔