دہلی اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 27 فروری کو لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تجویز اور اس کے بعد ڈپٹی اسمبلی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔


دہلی میں بی جے پی کی قیادت میں نئی حکومت تشکیل دے دی گئی ہے۔ ریکھا گپتا نے دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔ اب دہلی اسمبلی اجلاس کا آغاز پیر (24 فروری) کو صبح 11 بجے سے ہونے کی اطلاع ایک نوٹیفکیشن کے ذریعہ دی گئی ہے۔ پہلا سیشن 3 دنوں 24، 25 اور 27 فروری تک چلے گا اور مہاشیوراتری کی وجہ سے 26 فروری کو کارروائی نہیں چلے گی۔ 24 فروری کو ہی نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا، اور اس کے بعد دوپہر میں اسمبلی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ 25 فروری کو لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب اور زیر التواء سی اے جی رپورٹ کو ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ دہلی اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 27 فروری کو لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تجویز اور اس کے بعد ڈپٹی اسمبلی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔
اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 24 فروری کو صبح 11 بجے سے تمام نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا۔ واضح ہو کہ باضابطہ طور پر ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب سے قبل پروٹیم اسپیکر اروندر سنگھ لولی نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلائیں گے۔ نئی حکومت کی اولین ترجیح 18-2017 سے 22-2021 تک کی زیر التواء سی اے جی رپورٹ ایوان میں پیش کرنا ہے، جنہیں عآپ حکومت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 25 فروری کو صبح 11 بجے لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب ہوگا اور اس کے بعد سی اے جی کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
دہلی حکومت کے سینئر افسران کا کہنا ہے کہ حکومت کا سب سے بڑا ایجنڈا ہے 14 سی اے جی رپورٹ پیش کرنا۔ اپنی پہلی میٹنگ میں دہلی کابینہ میں سی اے جی رپورٹ پیش کرنے کو منظوری دے دی۔ عآپ حکومت سی اے جی رپورٹ پیش کرنے میں ناکام رہی کیونکہ اسے خوف تھا کہ رپورٹ اس کی حکومت کے غلط کاموں کو بے نقاب کر دے گی۔ رپورٹ پہلے ہی اسپیکر کے دفتر کو مل چکی ہے۔ واضح ہو کہ اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق 27 فروری کو لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر بحث ہوگی اور وزیر اعلیٰ اس کا جواب دیں گی۔ اس کے بعد ڈپٹی اسمبلی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ بی جے پی نے مصطفیٰ آباد سے رکن اسمبلی موہن سنگھ بسٹ کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔