مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائیجر میں ایران کے اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیاست دان، سفراء، صحافی، مذہبی اور علمی شخصیات سمیت ایران سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دارالحکومت نیامی میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی نیجر کے وزیر خارجہ تھے جبکہ نیامی کے میئر اور وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے نے بھی خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوریہ نائیجر کے قومی ترانوں سے ہوا۔ اس موقع پر ایران کے سفیر علی تیزتک نے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی گزشتہ چار دہائیوں میں حاصل کردہ کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے انقلاب کے پہلے دن سے ہی غیر قانونی پابندیوں اور چیلنجز کا سامنا کیا، تاہم ایرانی قوم کی جدوجہد اور عزم کے باعث صحت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، انسانی حقوق، سلامتی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے اپنی تقریر میں ایران کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اہداف پر زور دیا، جن میں قومی مفادات اور ملکی سلامتی کا تحفظ، تمام اقوام کے ساتھ متوازن تعلقات کا فروغ، مکالمے، برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر روابط، دوسرے ممالک کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کا احترام اور اقتصادی سفارت کاری کو وسعت دینا شامل ہیں۔
علی تیزتک نے ایران اور نائیجر کے درمیان دوطرفہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی اعلی قیادت سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے سنجیدہ عزم رکھتی ہے۔