مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے آج فلسطینی تحریک حماس کی قیادت کونسل کے ارکان سے ملاقات میں مزاحمتی محاذ کے تمام شہداء کو خراج عقیدت اور غزہ کے مزاحمتی عوام کو جنگ میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے غاصبوں کے خلاف عظیم کامیابیاں حاصل کیں اور اپنی سرزمین کی آزادی کے لئے بڑی تعداد میں شہداء کی قربانیوں کے ذریعے صہیونی دشمن کے اہداف کو خاک میں ملایا اور یہ فتح تمام مجاہدین اور غزہ کے تمام لوگوں کو مبارک ہو۔
صدر پزشکیان نے غزہ کے عوام کی مدد اور اس پٹی کی تعمیر نو کے لیے اسلامی ممالک کی شراکت سے ایک بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل کی ضرورت پر بھی زور دیا
انہوں نے مزید کہا کہ یقینی طور پر مسلم ممالک مشترکہ تعاون کے ذریعے غزہ کو دوبارہ آباد کرنے اور اس پٹی کے عوام کی زندگی بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے ایران کی جانب سے مزاحمتی محاذ اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مزاحمت کی حتمی فتح کا یقین ہے کیونکہ خداوند متعال نے قرآن کریم میں اس کا وعدہ کیا ہے۔
اس ملاقات میں حماس کی قیادت کونسل کے رکن نے صیہونی دشمن کے خلاف اس فتح کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور تمام مزاحمتی گروہوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ آپ کے ساتھ ملاقات اسلامی انقلاب کی کامیابی اور غزہ کے عوام کی فتح کے دنوں میں انجام پائی ہے۔
حماس کی قیادت کونسل کے رکن نے کہا کہ صیہونی رژیم پر ہماری فتح کا سبب مادی ہتھیار اور گولہ بارود نہیں بلکہ ہمارا اللہ کی ذات پر سچا ایمان اور اپنی سرزمین کو آزاد کرانے کا پختہ عزم تھا جو غزہ کے میدان جیت گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم خُدا کے وعدے پر ایمان رکھتے ہیں اور ہمیں پختہ یقین ہے کہ خدا کی نصرت شامل حال ہوگی اور ہم حتمی فتح و کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔
انہوں نے غزہ کے مستقبل کے بارے میں امریکہ اور صیہونی رژیم کے حالیہ دعووں کو بے سود قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ اس پٹی کے عوام کریں گے اور اس کا انتظام فلسطینیوں کے درمیان مشترکہ قومی تعاون کے ذریعے کیا جائے گا۔