نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع میں آرڈیننس فیکٹری میں دھماکے کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور اس حادثہ کے ہلاک شدہ شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔ آج صبح ہونے والے دھماکے میں ایک ملازم ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں مسٹر سنگھ نے کہا “میں مہاراشٹر کے بھنڈارا میں آرڈیننس فیکٹری میں دھماکے کے واقعے سے غمزدہ ہوں۔ مرنے والے کے اہل خانہ سے میری تعزیت ہے اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر تعینات ہیں۔ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ،
وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق دھماکہ صبح کے وقت آرڈیننس فیکٹری میں ہوا۔ دھماکے کے بعد ریسکیو اور طبی ٹیمیں جائے وقوعہ سے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہوگئیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ ترجمان نے دھماکے سے جانی و مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ۔
قابل ذکر ہے کہ جواہر نگر علاقے میں واقع اس فیکٹری میں دھماکے کی وجہ سے چھت گر گئی جس سے ایل ٹی پی سیکشن میں کام کرنے والے 14 ملازمین پھنس گئے۔ ابتدائی کوششوں میں تین ملازمین کو بچا لیا گیا جبکہ ایک ملازم کی موت ہو گئی۔ ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ ملبہ ہٹانے کے لیے کھدائی کی ایک مشین کا استعمال کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز تقریباً پانچ کلومیٹر دور تک سنی گئی۔