حیدرآباد:ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کما رریڈی نے آج درگاہ حضرت سیدشاہ محی الدین (جان پاک) شہیدؒ کے سالانہ عرس تقاریب میں شرکت کی اور درگاہ پر حاضری دیتے ہوئے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 400 سالہ قدیم درگاہ حضرت جان پاکؒ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کا ایک بہترین نمونہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے درگاہ کے صندل تقریب میں شرکت کی اور صندل خانہ سے صندل کی کشتیوں کو سرپر رکھ کر درگاہ تک پہنچے اور صندل کی رسم انجام دی۔
بعدازاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ درگاہ جان پاک شہیدؒ ان کے حلقہ اسمبلی حضور نگر میں واقع ہے میری یہ خوش قسمتی ہے کہ میں درگاہ کے عقیدت مند ہونے کے ساتھ ساتھ اس حلقہ کی نمائندگی کرتا ہوں۔
انہوں نے متحدہ آندھرا پردیش کے دور میں بحیثیت ریاستی وزیر درگاہ کی ترقی اور عقیدتمندوں کی سہولت کیلئے کئی تعمیراتی کام انجام دئیے ہیں۔ جن میں سڑک کی توسیع نیرڈوچرلہ تا جان پاک درگاہ، دما چرلہ تا جان پاک درگاہ اور میٹم پلی تا جان پاک درگاہ تک سڑکوں کو مربوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ درگاہ کی ترقی کیلئے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے اس علاقہ کیلئے مختلف آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے7.8 کروڑ کی لاگت سے تحصیلدار آفس، ایم پی ڈی او آفس اور پولیس اسٹیشن تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔