جس وقت اولڈ ایج ہوم میں آگ لگی تھی وہاں تقریاً 30 لوگ موجود تھے۔ ان میں سے 8 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی دردناک موت ہو گئی اور 7 لوگ بُری طرح جھلس گئے۔
سربیا کی راجدھانی بلغراد کے بیرونی علاقے میں ایک المانک حادثہ پیش آیا ہے۔ 20 جنوری کو یہاں ایک اولڈ ایج ہوم میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں کم از کم 8 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 7 لوگ آگ میں بُری طرح جھلس گئے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اولڈ ایج ہوم میں اچانک لگی اس آگ سے چاروں طرف افراتفری مچ گئی۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بلغراد کے شمالی علاقے میں بارجیوو میونسپلٹی میں صبح ساڑھے تین بجے یہ آگ لگی جس سے کئی جانوں کو نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جس وقت اولڈ ایج ہوم میں آگ لگی تھی وہاں تقریاً 30 لوگ موجود تھے۔ ان میں سے 8 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی دردناک موت ہو گئی اور 7 لوگ بُری طرح جھلس گئے۔ آگ کی شدت کا یہ عالم تھا کہ چند منٹوں میں ہی آگ نے پورے اولڈ ایج ہوم کو اپنی زد میں لے لیا۔ سربیائی ٹی وی چینل آر ٹی ایس کے مطابق آگ میں جھلسے ہوئے لوگوں کو بلغراد فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز نے جائے وقوع پر پہنچ کر کڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
اولڈ ایج ہوم میں لگی آگ کے حوالے سے یہ بھی خبر آ رہی ہے کہ حادثہ میں جن لوگوں کی جل کر موت ہوئی ہے وہ پہچان میں بھی نہیں آ رہے۔ جو لوگ بچ گئے ہیں وہ بھی اتنی بُری طرح جھلس گئے ہیں کہ اسپتال میں زندگی اور موت سے لڑ رہے ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ اب تک سامنے نہیں آئی ہے۔ قیاس لگایا جا رہا ہے کہ کسی رہائشی نے آگ لگایا ہے۔ فی الحال اس حوالے سے پولیس نے کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا ہے۔ پولیس انتظامیہ تحقیقات شروع کر چکی ہے اور آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔