ایران پاکستان کی بین الاقوامی بحری مشقوں میں شرکت کرے گا، جنرل باقری

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی مسلح افواج کے سربراہ  جنرل باقری نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران مشترکہ سرحد کو تجارتی اور فلاحی سرحد میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔

 انہوں نے کہا کہ ایران کو پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی بحری مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور ہم ان مشقوں میں شرکت کریں گے۔

 جنرل باقری نے کہا کہ آج ایران کے عسکری  وفد نے پاکستان کے آرمی چیف، ایئر فورس کے کمانڈر، وزیراعظم، صدر اور وزیر دفاع کے ساتھ انتہائی مفید ملاقاتیں کیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران دونوں ممالک کی سرحدوں کی سیکورٹی میں بہتری کے ذریعے دوطرفہ تجارت اور خوشحالی کے فروغ پر زور دیا گیا۔

ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی مسلح افواج نے سرحد پر دہشت گردوں سے نمٹنے کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی اور دونوں مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

 انہوں نے کہا کہ افغانستان سمیت خطے کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور ہم نے باہمی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ 

اس دورے میں جنرل باقری نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی اور فریقین نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

  آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی ایران اور پاکستان کے لیے مشترکہ چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کو مربوط اور موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ 

پاکستان کے صدارتی ایوان سے جاری  اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی چیف نے صدر زرداری سے ملاقات کے دوران غزہ اور لبنان کی حمایت کے حوالے سے پاکستانی حکومت اور عوام کے ٹھوس موقف کو سراہا۔

جنرل باقری پاکستان کے آرمی چیف کی دعوت پر کل رات دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *