[]
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے خود ساختہ مذہبی رہنما آسارام باپو کی ضمانت کی درخواست منگل کو مسترد کر دی۔
جسٹس سنجیو کھنہ اورجسٹس ایس وی این بھٹی کی بنچ نے مختصر سماعت کے بعد کہا کہ درخواست گزار ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔
بنچ نے کہا کہ اگر ٹرائل کورٹ کے ذریعہ درخواست گزار کی سزا کے خلاف اپیل پرجلد سماعت نہیں کی جاتی ہے تو وہ سزا کو معطل کرنے کے لئے راجستھان ہائی کورٹ کے سامنے نئی درخواست دائر کر سکتا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے راحت سے انکار کے بعد، آسارام کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ دیو دت کامتھ نے بنچ سے درخواست واپس لینے کی درخواست کی، جسے قبول کر لیا گیا۔
آسارام نے جولائی 2022 کے راجستھان ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔ ہائی کورٹ نے اسے ضمانت دینے اور سزا معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
آسارام کو اگست 2013 میں جودھ پور کے منائی گاؤں میں ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں 2018 میں نچلی عدالت نے انہیں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ انہوں نے سزا کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں کیس زیر التوا ہے۔
دریں اثنا، آسارام نے اپنی 83 سال کی عمر، بیماری اور طویل عرصے سے (2013 سے) جیل میں رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی اپیل کی تھی، لیکن ان کی یہ درخواست بھی ہائی کورٹ نے مسترد کر دی تھی۔