اہانت اسلام کیس: پاکستان میں 4 افراد کو سزائے موت اور 80 سال کی عمرقید

لاہور: پاکستان کی ایک عدالت نے فیس بک پر اسلام کے خلاف مواد اَپ لوڈ کرنے پر 4 افراد کو سزائے موت اور 80 سال کی عمرقید سنائی۔ ایک عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد طارق ایوب نے جمعہ کے دن 4 مشتبہ افراد واجد علی‘ اشفاق علی ثاقب‘ رانا عثمان اور سلیمان ساجد کو پیغمبر اسلامؐ‘ ان کے صحابہ ؓ اور ازواج مطہرات کی توہین کا خاطی پایا۔ عدالت کے عہدیدار نے کہا کہ خاطیوں نے 4 مختلف آئی ڈیز سے فیس بک پر اسلام مخالف مواد اَپ لوڈ کیا تھا۔

جج نے استغاثہ‘ وکلائی صفائی اور گواہوں کے موقف کی سماعت کے بعدسزائے موت اور 80 سال کی قید سنائی۔ ان پر 5.2 ملین (52 لاکھ) پاکستانی روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پاکستان کی فیڈرل انوسٹیگیشن (ایف آئی) سائبر کرائم نے شیراز فاروقی نامی شہری کی شکایت پر پریونشن آف الکٹرانک کرائمس ایکٹ اور تعزیرات ِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا تھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بموجب پاکستان میں اہانت اسلام قوانین کا اکثر بے جا استعمال مذہبی اقلیتوں اور دیگر افراد کو نشانہ بنانے کے لئے ہوتا ہے۔ جھوٹے الزامات عائد کئے جاتے ہیں۔ ملزمین کو معمولی ثبوت یا ثبوت نہ ہونے پر بھی خاطی مان لیا جاتا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *