تل ابیب: حماس کے لڑاکوں نے 4 اسرائیلی خاتون فوجیوں کو ہفتہ کے دن ہجوم کے سامنے پریڈ کرانے کے بعد غزہ شہر میں ریڈ کراس (صلیب ِ احمر) کو سونپ دیا۔ اسرائیل نے 200 فلسطینی قیدیوں کے منجملہ 70 کو رہا کردیا۔ چاروں خاتون اسرائیلی فوجی‘غزہ شہر کے فلسطین اسکوائر پر بنے اسٹیج پر مسکرارہی تھیں۔
ان کے دونوں جانب فلسطینی لڑاکے موجود تھے۔ ہزاروں کا مجمع انہیں دیکھ رہا تھا۔ بعدازاں یہ ریڈکراس کی گاڑیوں میں سوار ہوکر چلی گئیں۔ اسرائیل نے 70 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا جنہیں غزہ پٹی یا مغربی کنارہ واپس ہونے نہیں دیا جائے گا۔ مصر کے سرکاری قاہرہ ٹی وی نے یہ اطلاع دی۔ یہ قیدی‘ غزہ سے متصل رفح بارڈر کراسنگ میں مصری علاقہ میں پہنچ گئے۔
مصر نے جنگ بندی معاہدہ کرانے کے لئے زائدایک ایک سال سے اہم مذاکرات کار کا رول ادا کیا ہے۔ 4 اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے وقت تل ابیب کے پوسٹیج اسکوائر میں سینکڑوں لوگ خوشیاں منارہے تھے۔ وہ بڑے ٹی وی اسکرین پر رہائی کا ڈرامہ دیکھ رہے تھے۔
وزیراعظم نتن یاہو کے دفتر نے بعدازاں ایک ویڈیو جاری کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غزہ سے رہائی پانے والے یرغمالیوں کا ایک اسرائیلی فوجی پر خیرمقدم کیا جارہا ہے جہاں سے یہ ایک ویان میں سوار ہوگئے۔ تل اور غزہ سٹی میں صبح سے ہی ہجوم اکٹھا ہونے لگا تھا۔ اسرائیل میں بڑا جوش و خروش تھا۔ ٹی وی اسٹیشنس راست نشریات کررہے تھے۔ اینکرس مسکرارہے تھے۔
وہ یرغمالیوں کے دوستوں اور رشتہ داروں کا ردعمل جاننے کی کوشش کررہے تھے۔ جنگ بندی کا آغاز گزشتہ اتوار کو ہوا تھا۔ 3 اسرائیلی یرغمالیوں کے عوض 90 فلسطینی قیدی رہا ہوئے تھے۔ ٹی وی پر بیان میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے توثیق کی کہ رہائی پانے والے 4 یرغمالی اسرائیل کے ہاتھوں میں ہیں اور وہ اپنے گھر جارہے ہیں۔
حماس کی وزارت ِ داخلہ نے قبل ازیں کہا کہ بے گھر فلسطینی اتوار کے دن سے شمالی غزہ لوٹ سکیں گے۔ وہ ساحلی راشد روڈ سے پیدل جنوبی اور شمالی غزہ کے درمیان آجاسکیں گے۔ جنگ بندی کے ابتدائی 6 ہفتوں کے وقفہ کے بعد کیا ہوگا اس تعلق سے غیریقینی پائی جاتی ہے۔