بغیر سیمنٹ کے دنیا کا پہلا شاندار محل، دھماکوں سے بھی محفوظ، پریش راول بھی دیکھ کر حیران

بنگلورو: دنیا بھر میں عمارتوں کی تعمیر کے لیے مختلف اقسام کے مضبوط مواد استعمال کیے جاتے ہیں، جن میں اینٹ، روڑی، بجری، ریت، سریا اور سب سے اہم سیمنٹ شامل ہوتا ہے۔ سیمنٹ ایک ایسا بنیادی عنصر ہے جو عمارتوں کو مضبوطی اور پائیداری فراہم کرتا ہے، لیکن کیا آپ بغیر سیمنٹ کے بنائے گئے کسی عالیشان اور پائیدار گھر کا تصور کر سکتے ہیں؟ شاید نہیں!

لیکن انڈیا میں ایک ایسا حیرت انگیز گھر بنایا گیا ہے جو نہ صرف شاندار محل کی مانند ہے بلکہ اس کی پائیداری ہزاروں سالوں تک قائم رہ سکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ گھر دھماکوں سے بھی محفوظ ہے۔

یہ انوکھا گھر بنگلور میں بنایا گیا ہے اور بالی ووڈ اداکار پریش راول بھی اس شاندار تعمیر کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انہوں نے اپنے ایکس (سابقہ ٹویٹر) ہینڈل پر اس حیران کن عمارت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:

“بھارت واقعی بے مثال ہے! یہ گھر ہزاروں سالوں تک قائم رہے گا، بنگلور میں دنیا کا پہلا زیرو-سیمنٹ والا گھر!”
پریش راول نے اس منفرد گھر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے تالیاں بجاتے ہوئے ایموجی بھی شیئر کیا۔

پریش راول کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں کچھ لوگ نظر آ رہے ہیں جو اس منفرد گھر کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔ جب ایک شخص نے گھر میں داخل ہونے سے پہلے کہا کہ یہ ایک یونیک ہاؤس (منفرد گھر) ہے جو سیمنٹ کے بغیر بنایا گیا ہے، تو دوسرا شخص تفصیل سے اس کی تعمیر کے راز بتانے لگا۔

ویڈیو میں نظر آنے والے آرکیٹیکٹ نے وضاحت کی کہ یہ شاندار گھر سیمنٹ کی بجائے گرینائٹ پتھر سے تعمیر کیا گیا ہے۔ مزید برآں، گھر کی کچھ دیواریں خوبصورت بالو پتھر سے بھی بنائی گئی ہیں، جو اسے مزید دلکش بناتی ہیں۔

ویڈیو میں جب ایک شخص نے سوال کیا کہ اس انوکھے گھر کو بنانے کا مقصد اور خیال کہاں سے آیا؟ تو آرکیٹیکٹ نے جواب دیا کہ:
“یہ ایک نان-بلاسٹنگ ہاؤس (دھماکہ پروف گھر) ہے، جس پر کسی قسم کے دھماکے یا جھٹکوں کا اثر نہیں ہوگا۔ یہی سوچ کر اس گھر کو تعمیر کیا گیا ہے۔”

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اس گھر کی عمر 100 یا 200 سال نہیں بلکہ ہزاروں سال ہو سکتی ہے، اور وہ دنیا کے واحد شخص ہیں جنہوں نے بغیر سیمنٹ کے اتنا بڑا اور مضبوط گھر تعمیر کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق، گرینائٹ ایک انتہائی سخت اور پائیدار پتھر ہوتا ہے جو قدرتی طور پر لاکھوں سالوں تک اپنی اصل حالت میں رہ سکتا ہے۔ اس پتھر سے بنی عمارتیں عام سیمنٹ کی عمارتوں سے کہیں زیادہ مضبوط ہوتی ہیں اور قدرتی آفات جیسے زلزلے اور طوفانوں کا بھی سامنا کر سکتی ہیں۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *