
حیدرآباد ۔ جس ماں کو اپنے بچوں کو نیکی اور بدی کا شعور دینا تھا اور انہیں راہِ راست پر لانا تھا وہی انہیں گمراہ کرنے کا سبب بن گئی۔ اس نے نہ صرف خود چوری کی بلکہ اپنے تین بیٹوں کو بھی اسی جرم کی راہ پر ڈال دیا۔ اس کی عادت بن گئی تھی کہ وہ مقفل گھروں کی نشاندہی کرتی اور اپنے بیٹوں کو وہاں بھیج کر چوری کرواتی اور پھر چوری کا مال خفیہ طور پر فروخت کیا کرتی۔
فلم نگر پولیس نے شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں چوری کے متعدد مقدمات میں ملوث ثنا بیگم عرف ثنا ٹائیگر عرف ثنا ڈان عمر (48) سال اور اس کے بیٹے سہیل (26) سال کو گرفتار کرلیا جو ڈائمنڈ ہلز کالونی میں چوری کے ایک واقعہ میں ملوث تھا گرفتار ملزمین کو ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔
حال ہی میں شیخ پیٹ کے قریب ڈائمنڈ ہلز کالونی میں مقیم ایک این آر آئی محمد مجاہد کمال کے گھر سے 34 تولے سونے کے زیورات، 4.5 لاکھ روپے نقد، اور غیر ملکی کرنسیکیکرنسی کی اس وقت چوری کرلیگئی تھی جب یہ خاندان دعوت افطار میں شرکت کیلئے گیا ہوا تھا۔ اس واردات میں ثنا بیگم** نے اپنے تین بیٹوں محمد، ساحل اور سہیل کے ساتھ مل کر منصوبہ بنایا اور چوری کی واردات انجام دی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمین نے پولیس سے بچنے کے لیے کئی چالاکیاں کیں چوری کے بعد وہ راجندر نگر کے آس پاس کی کچی آبادیوں میں تقریباً دو گھنٹے تک گھومتے رہے تاکہ پولیس کو گمراہ کیا جا سکے۔ انہیں خدشہ تھا کہ اگر وہ فوراً اپنے گھر بنڈلہ گوڑہ واپس ہوئے تو پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان کی شناخت کر سکتی ہے۔ تاہم پولیس نے مسلسل 40 گھنٹوں تک 500 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور آخرکار بنڈلہ گوڑہ میں ان کے گھر کا سراغ لگا لیا۔
پولیس کے پہنچنے کی اطلاع ملتے ہی ملزمان فرار ہوگئے تھے بعد ازت ثناء بیگم اور اس کے بیٹے سہیل کو چوری کا سونا فروخت کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے قبضہ سے 10 تولے سونا برآمد ہوا۔ دیگر مفرور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کو تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ثناء بیگم کے خلاف تقریباً 41 مقدمات درج بتائے گئے ہیں وہ نہ صرف خود مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث بتائی گئی ہے بلکہ اپنے بیٹوں کو بھی اس راہ پر ڈال دیا۔