یوپی کے سہارنپور میں ہفتہ کی دوپہر ایک بی جے پی لیڈر نے اپنی بیوی اور 3 بچوں پر گولی چلا دی۔ فائرنگ کی وجہ سے 2 بیٹے اور ایک بیٹی کی موت ہو گئی، جب کہ بیوی شدید طور پر زخمی ہو گئی۔


یوپی کے سہارنپور میں ہفتہ (22 مارچ) کی دوپہر ایک بی جے پی لیڈر نے اپنی بیوی اور 3 بچوں پر گولی چلا دی۔ اندھا دھند فائرنگ کی وجہ سے 2 بیٹے اور ایک بیٹی کی موت ہو گئی، جب کہ بیوی شدید طور پر زخمی ہو گئی اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔ دن کے اجالے میں ہوئی پے در پے فائرنگ کی آواز سن کر علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ آس پاس کے لوگ جب جائے وقوع پر پہنچے تو دیکھا کہ 4 لوگ خون سے لت پت زمین پر پڑے تھے۔ لوگوں کو دیکھ کر ملزم نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن گاؤں والوں نے اسے پکڑ لیا اور پھر اس کی جم کر پٹائی کر دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے تینوں بچوں کو مردہ قرار دے دیا۔
قصبہ گنگوہ کے گاؤں سانگا-ٹھیڑا کا رہنے والا یوگیش روہیلا بی جے پی یوتھ مورچہ کا نائب صدر بتایا جاتا ہے۔ یوگیش نے ہفتہ کی دوپہر بیوی نیہا اور 3 بچوں پر لائسنس یافتہ پستول سے گولی چلا دی۔ گولی لگنے کی وجہ سے چاروں شدید طور پر زخمی ہو گئے، سب کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ علاج کے دوران 11 سالہ بیٹی شردھا اور دونوں بیٹوں کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس واردات کو گھر میں ہی انجام دیا گیا۔ پولیس نے وہ اسلحہ برآمد کر لیا ہے جس سے گولی ماری گئی۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ روہت سنگھ ساجوان نے بتایا کہ گولی لگنے کی وجہ سے بی جے پی لیڈر کے 3 بچوں کی موت ہو گئی ہے جب کہ بیوی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ معاملے کے پیچھے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔