
لکھنؤ: پاکستان سے اپنے چار بچوں کے ساتھ نیپال کے راستے ہندوستان آنے والی سیما حیدر اور ان کے ہندوستانی شوہر سچن نے اپنی نومولود بیٹی کا نام ’میرا‘ رکھا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ’میرا‘ بھگوان کرشن کی عقیدت مند تھیں، اور چونکہ سیما حیدر بھی ان کی بڑی بھکت ہیں، اس لیے جوڑے نے یہ نام منتخب کیا۔ سوشل میڈیا پر سیما حیدر کی نومولود بیٹی کو گود میں اٹھائے تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، اور گھر والوں نے بچی کا خوشی سے استقبال کیا ہے۔
سیما حیدر اور سچن کی ملاقات آن لائن ویڈیو گیم کے ذریعے ہوئی تھی۔ 2023 میں سیما اپنے بچوں سمیت نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت آگئیں اور سچن کے ساتھ رہنے لگیں۔ جولائی 2023 میں ہندوستانی حکام نے دونوں کو گرفتار کر لیا، لیکن بعد میں انہیں ضمانت مل گئی۔
سیما حیدر کے پہلے پاکستانی شوہر غلام حیدر نے سچن سے ان کی بیٹی کی پیدائش پر شدید ردعمل دیا ہے۔ ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے نومولود کو “ناجائز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیما نے قانونی اور مذہبی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ “سیما کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور میرے چار بچوں کو میرے حوالے کیا جائے۔ وہ جہاں چاہے رہ سکتی ہیں، لیکن دو سال سے میں اپنے بچوں سے الگ ہوں۔”
غلام حیدر نے کہا کہ سیما نے دوسری شادی سے پہلے ان سے باضابطہ طور پر طلاق نہیں لی، اس لیے ان کا سچن سے رشتہ غیر قانونی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے بچوں کو واپس پانے کے لیے ہر ممکن قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ بھارتی حکام کی جانب سے اس معاملے پر کسی باضابطہ ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔