نشہ میں دھت بی جے پی لیڈر کے بیٹے پردیومن نے تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر چڑھادی (ویڈیو)

حیدرآباد: کریم نگر کے سابق میئر اور بی جے پی لیڈر سنیل راؤ کے بیٹے پردیومن نے شراب کے نشہ میں کار چلاتے ہوئے سنگین حادثہ کردیا، جس کے بعد پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پردیومن اپنے دو دوستوں کے ساتھ جوبلی ہلز کے علاقہ میں پارٹی کے بعد شراب نوشی کرکے نکلے۔ تینوں کار میں سوار ہو کر تیز رفتاری اور غیر محتاط انداز میں ڈرائیونگ کر رہے تھے۔ جیسے ہی وہ روڈ نمبر 36 جوبلی ہلز کے قریب پہنچے، گاڑی بے قابو ہو گئی اور فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، جس سے زوردار ٹکر ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ کے بعد پردیومن اور اس کے ساتھی کچھ دیر تک موقع پر ہی موجود رہے، مگر جیسے ہی لوگ اکٹھے ہونے لگے، وہ گاڑی چھوڑ کر فوری طور پر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔ تاہم، مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دے دی، جس کے بعد جوبلی ہلز پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش شروع کی۔

پولیس نے گاڑی کو ضبط کر لیا اور پردیومن سمیت تینوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے پردیومن اور اس کے ساتھیوں کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا، جس میں ان کے خون میں الکوحل کی مقدار حد سے زیادہ پائی گئی۔

پولیس نے دفعہ 279 (لاپرواہی سے گاڑی چلانے)، 185 (نشے کی حالت میں ڈرائیونگ) اور 336 (دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے) کے تحت کیس درج کیا ہے۔

پولیس نے کہا کہ تحقیقات کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اگر حالت نشہ میں ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کے مزید شواہد ملے تو مزید سخت دفعات شامل کی جا سکتی ہیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *