اذاں کی آواز پر اعتراض کرنے والے مشہور گلوکار سونو نگم پر پتھر اور پلاسٹک کے بوٹلوں سے حملہ

ممبئی: سونو نِگم ہندوستانی فلمی صنعت کے مشہور گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہندی سمیت ٹامل، تلگو اور کنڑ زبانوں میں بھی بے شمار سپر ہٹ گانے گائے ہیں۔ اپنی مدھر آواز کیلئے مشہور ہونے کے ساتھ ساتھ، وہ اکثر تنازعات کا شکار بھی رہتے ہیں۔ حال ہی میں، ارجیت سنگھ کو پدم شری ایوارڈ دیے جانے پر ان کے بیان کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ سونونگم نے مساجدکے اسپیکر سے آنے والی اذاں کی آواز پر بھی اعتراض کیا تھا۔

تازہ ترین واقعہ میں، سونو نِگم پر دہلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کے “انجی فیسٹ 2025” میں اسٹیج پرفارمنس کے دوران حملہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، شو کے دوران کئی طلباء نے ان پر پتھر اور پلاسٹک کی بوتلیں پھینکیں۔ اس واقعے پر سونُو نِگم نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میں آپ لوگوں کے ساتھ اچھا وقت گزارنے آیا ہوں، طلبہ کو عزت کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔”

اس حملے میں سونُو نِگم کی ٹیم کے کچھ افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ جب حملہ شدت اختیار کر گیا تو شو کو بیچ میں ہی روکنا پڑا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس فیسٹ میں ایک لاکھ سے زائد لوگ شریک تھے، جس کے باعث بھیڑ کو کنٹرول کرنا مشکل ہو گیا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سونُو نِگم کو ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سال فروری میں، کولکتہ میں ان کی ایک پرفارمنس کے دوران بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جب کچھ ناظرین نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔

اس وقت، انہوں نے خود ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے مداخلت کی تھی اور ناظرین سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *