آئی پی ایل 2025 کا پہلا راؤنڈ مکمل، جانئے کونسی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں کہاں پر ہے

حیدرآباد: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کا شاندار آغاز ہو چکا ہے۔ تمام ٹیموں نے اپنے اپنے پہلے میچ کھیل لیے ہیں، اور پوائنٹس ٹیبل میں سنرائزرز حیدرآباد سرفہرست ہے۔ آئی پی ایل کا 18واں سیزن 22 مارچ کو دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان میچ سے شروع ہوا، جبکہ پہلا راؤنڈ منگل کو گجرات ٹائٹنز اور پنجاب کنگز کے میچ کے ساتھ مکمل ہوا۔

سنرائزرز حیدرآباد، آر سی بی اور پنجاب کنگز نے شاندار آغاز کیا۔ حیدرآباد کی ٹیم گزشتہ سیزن کی طرح اس بار بھی زبردست فارم میں نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے پہلے ہی میچ میں آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا سب سے زیادہ اسکور (286 رنز) بنا کر راجستھان رائلز کو اپنے ہوم گراؤنڈ، حیدرآباد کے اپل اسٹیڈیم میں شکست دی۔ بہترین نیٹ رن ریٹ کی بدولت پیٹ کمنز کی قیادت میں سنرائزرز حیدرآباد پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر ہے۔

سیزن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو آر سی بی نے ان کے ہوم گراؤنڈ پر ہرا دیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کولکتہ نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، جس میں اجنکیا رہانے اور سنیل نرائن کے درمیان زبردست شراکت داری شامل تھی۔

 آر سی بی نے 16.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا کر 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس شاندار کارکردگی کے باعث آر سی بی پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔

پنجاب کنگز اس سیزن میں شریاس آئیر کی قیادت میں کھیل رہی ہے اور پہلے ہی میچ میں انہوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گجرات ٹائٹنز کو 11 رنز سے شکست دی۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے، جو آئی پی ایل میں ان کا دوسرا سب سے بڑا اسکور تھا۔

 کپتان شریاس آئیر نے 42 گیندوں پر 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ پریانش آریا اور ششانک سنگھ نے بھی عمدہ بیٹنگ کی۔ گجرات کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 232 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ اس جیت کے ساتھ پنجاب پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے۔

دوسرے میچ میں چینائی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کے خلاف جیت درج کی۔ ممبئی، جو چھ مرتبہ آئی پی ایل چیمپئن رہ چکی ہے، اس میچ میں کمزور بیٹنگ کے ساتھ نظر آئی۔ چنئی کی جیت میں نور احمد کی شاندار باؤلنگ اور ریتوراج گائکواڑ و راچن رویندرا کی زبردست بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا۔

اگرچہ ممبئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، مگر وگنیش پُتھور نے بطور باؤلر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چینائی اس کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

آئی پی ایل کے 18ویں سیزن میں دہلی کیپٹلز نے اپنا پہلا میچ جیت لیا۔ انہوں نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو آخری اوور میں وکٹ کے فرق سے شکست دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لکھنؤ نے نکولس پورن اور مچل مارش کی نصف سنچریوں کی مدد سے 8 وکٹوں پر 209 رنز بنائے۔ دہلی نے ہدف 19.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ آخری اوور میں اشوتوش نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور دہلی کو پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔

حیدرآباد، آر سی بی، پنجاب، چنئی اور دہلی نے اپنی ابتدائی فتوحات کے ساتھ آئی پی ایل کا شاندار آغاز کیا ہے، جبکہ کولکتہ، لکھنؤ، ممبئی، گجرات اور راجستھان کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

چہارشنبہ سے دوسرے راؤنڈ کے میچز شروع ہوں گے، جہاں جیت کا کھاتہ نہ کھولنے والی ٹیمیں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی، جبکہ ابتدائی میچ جیتنے والی ٹیمیں اپنے فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔

حیدرآباد کے بیٹسمین ایشان کشن نے 106 رنز بنا کر آئی پی ایل 2025 کی پہلی سنچری اسکور کی اور فی الحال اورنج کیپ کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ دوسری جانب، چنئی سپر کنگز کے باؤلر نور احمد نے پہلے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کر کے پرپل کیپ کی دوڑ میں سبقت حاصل کر لی ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *