
حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات پرامن طریقہ سے جاری ہیں۔ تاہم تلنگانہ انٹرمیڈیٹ بورڈ نے انٹر سال دوم کے انگریزی سوالیہ پرچے میں ایک سوال کی مبہم پرنٹنگ کے بارے میں اصلاحی کارروائی کی ہے۔
بورڈ نے اس سوال کو غیر واضح طور پر چھاپے جانے کے باعث طلباء کو پورے نمبر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اس سوال کا جواب لکھنے کی کوشش کرنے والے طلباء کو 4 نمبر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آج ہونے والے ثانوی انگلش کے پرچہ میں ساتویں سوال میں ایک چارٹ دیا گیا تھا جس میں پرنٹنگ کی غلطی کی وجہ سے باکس غیر واضح طور پر نظر آرہا تھا جس پر طلباء، والدین اور اساتذہ نے شکایت کی اور اس معاملے کو انٹر بورڈ کے نوٹس میں لایا کیونکہ وضاحت نہ ہونے کی وجہ سے طلباء سوال کا جواب ٹھیک سے نہیں لکھ سکے۔
انٹر بورڈ نے اس معاملے پر فیصلہ کرنے کے لیے مضامین کے ماہرین اور دیگر متعلقہ افراد سے مشاورت کی۔ اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ طلباء کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایا جائے اور اس سوال کا جواب لکھنے کی کوشش کرنے والے طلباء کو پورے نشانات دئیے جائیں۔