
بوڈیلی(گجرات) (پی ٹی آئی) انسانی بَلی کے مشتبہ کیس میں ایک شخص نے ایک 5 سالہ لڑکی کا گلا کاٹ کر اس کا قتل کردیا اور اُس کا خون ایک مندر کی سڑھیوں پر چڑھادیا۔
یہ واقعہ گجرات کے ضلع چھوٹا اُدئے پور میں پیش آیا۔ ملزم لالہ تاڑوی نے متاثرہ لڑکی کو آج صبح قبائیلی اکثریتی ضلع کے پنیج گاؤں میں اس کی ماں کی موجودگی میں اس کے گھر سے اغواء کیا تھا۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گورواگروال نے یہ بات بتائی۔ تاڑوی، لڑکی کو اپنے گھر لے گیا اور ایک کلہاڑی سے اس کی گردن پر مہلک زخم لگائے۔ بعدازاں اس نے لڑکی کے گلے سے نکلنے والے خون کو جمع کیا اور اسے اپنے گھر میں موجود ایک چھوٹی سی مندر کی سڑھیوں پر چڑھادیا۔
لڑکی کی ماں اور دیگر گاؤں والے صدمہ کے ساتھ یہ منظر دیکھ رہے تھے لیکن وہ کچھ نہیں کرسکے کیونکہ ملزم کے ہاتھ میں کلہاڑی تھی۔
اگروال نے کہا کہ ملزم کوئی جادوگر معلوم نہیں ہوتا لیکن قتل کا مقصد پوری طرح واضح نہیں ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لڑکی کے خاندان کی شکایت پر تاڑوی کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی قتل اور اغواء سے متعلق دفعات کے تحت ایک کیس درج کرلیا گیا ہے اور اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔