’رازداری پر براہ راست حملہ‘، کانگریس نے مودی حکومت کے نئے انکم ٹیکس قانون پر کیا تشویش کا اظہار

کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نیا انکم ٹیکس قانون لا رہی ہے اور خبروں کے مطابق اس قانون کے نافذ ہونے کے بعد انکم ٹیکس افسران کو آپ کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس تک پہنچنے کا حق مل جائے گا۔

انکم ٹیکس / یو این آئیانکم ٹیکس / یو این آئی
انکم ٹیکس / یو این آئی
user

حال ہی میں مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ پیش کیے گئے نئے انکم ٹیکس بل کو لے کر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ حکومت کی طرف سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نئے ٹیکس بل میں کئی بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ قوانین کو مزید آسان اور سہل بنایا جا سکے۔ حالانکہ نئے بل میں کچھ ایسے اصول موجود ہیں جن پر لوگوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے بھی اس تعلق سے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مودی حکومت کا نیا انکم ٹیکس قانون رازداری پر براہ راست حملہ ہے۔‘‘

کانگریس نے نئے انکم ٹیکس قانون سے متعلق سامنے آ رہیں میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر کچھ ویڈیوز پوسٹ کی ہیں۔ ایک ویڈیو پیغام کانگریس ترجمان سپریا شرینیت کا ہے جو مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’’انہوں نے پیگاسس کے ذریعہ ہماری جاسوسی کی۔ اب وہ ہماری ذاتی زندگی کو پوری طرح سے چھین لیں گے۔ مودی کے نئے انکم ٹیکس قانون کے تحت حکومت خاموشی سے ٹیکس حکام کو آپ کی ڈیجیٹل زندگی میں داخل ہونے کا اختیار دے رہی ہے۔ کوئی وارنٹ، کوئی نوٹس نہیں، یہ قانون صرف شبہ کی بنیاد پر آپ کی رازداری چھیننے کے لیے کافی ہے۔‘‘ اس ویڈیو میں سپریا شرینیت نے سخت انداز میں کہا ہے کہ ’’یہ نگرانی ہے، اور ہم سبھی کو بلاتفریق اس (قانون) کی مخالفت کرنی چاہیے۔‘‘

کانگریس نے ایک دیگر پوسٹ میں نئے انکم ٹیکس قانون سے متعلق کچھ اہم باتیں سامنے رکھی ہیں۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’مودی حکومت نیا انکم ٹیکس قانون لا رہی ہے۔ خبروں کے مطابق اس قانون کے نافذ ہونے کے بعد انکم ٹیکس افسران کو آپ کے ڈیجیٹل اکاؤنٹ تک پہنچنے کا حق مل جائے گا۔ حکومت کا افسر آپ کے ای میل، سوشل میڈیا، بینک اکاؤنٹ، ٹریڈنگ اکاؤنٹ کو جب چاہے چیک کر سکتا ہے، بس اسے شبہ ہونا چاہیے۔‘‘ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’یہ بے حد خطرناک ہے۔ مودی حکومت پہلے ہی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتی آ رہی ہے، اب اس قانون کی بدولت وہ جسے چاہے پریشان کر سکتی ہے، برباد کر سکتی ہے۔‘‘

نئے انکم ٹیکس قانون کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کانگریس نے اسے ایک سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’اس قانون کا استعمال سیاسی دشمنی نکالنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ لوگوں کے خلاف سازشاً اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ قانون جمہوریت کے اقدار پر حملہ ہے، یہ آئین سے حاصل رازداری کے حق پر حملہ ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *