مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج شجر کاری کے موقع پر کہا کہ تمام لوگ شجر کاری کے معاملے میں ایک اچھے اور صالح عمل کے طور پر حصہ لیں تاکہ درختوں کی افزائش سے ماحول کو صاف ستھرا بنایا جا سکے۔
انہوں نے پودے لگانے کے اپنے سالانہ اقدام کو شجرکاری کی غیر معمولی اہمیت کی طرف توجہ دلانے کا ایک علامتی عمل قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ درخت لگانے کا تعلق صرف نوجوانوں سے نہیں ہے بلکہ مختلف عمروں کے افراد کو اس اہم اور ضروری تحریک میں حصہ لینا چاہئے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ شجر کاری ایک مکمل منافع بخش عمل ہے جو صحت مند ماحول کے لئے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے شہید رئیسی کے دور میں شروع ہونے والی قومی شجرکاری تحریک کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ چار سالوں میں ایک ارب درخت لگانا عملی طور پر ممکن ہے اور حکومتی اداروں کو اس میدان میں عوام کی مدد کرنی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب نے درختوں کی بے دریغ کٹائی اور زرعی زمین کی تخریب کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی اور ضروری معاملات کے علاوہ درختوں کی کٹائی نقصان دہ ہے، لہذا جنگلات کی تباہی اور زرعی زمینوں کی تخریب کو روکا جائے۔