
حیدرآباد:امریکہ میں نامعلوم افراد کی گولی لگنے سے تلنگانہ کا طالب علم ہلاک ہوگیا۔یہ طالب علم جس کی شناخت ضلع رنگاریڈی کے کیشم پیٹ کے رہنے والے 27سالہ پراوین کے طورپر کی گئی ہے، اعلی تعلیم کیلئے امریکہ گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وہ امریکہ کے ونکنسن کے ملوکی شہرمیں مقیم تھااور ایک یونیورسٹی میں ایم ایس سال دوم کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔
تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ ایک اسٹار ہوٹل میں جز وقتی ملازمت بھی کرتا تھا۔ پراوین کے گھر کے قریب ایک ساحلی علاقہ میں نامعلوم حملہ آور نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجہ میں وہ ہلاک ہوگیا۔
پراوین کی موت کی اطلاع اس کے دوستوں نے اس کے ارکان خاندان کو دی، جس کے بعد اس کے والدین صدمہ سے نڈھال ہوگئے، ان کے گھر میں کہرام مچ گیا اور پورے کیشم پیٹ منڈل میں غم کی لہردوڑگئی۔