
حیدرآباد (منصف نیوز ڈیسک) ریاست تلنگانہ اور دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں آج شام رمضان کی رویت کی اطلاعات کی توثیق کے بعد ماہ مقدس صیام کا آغاز ہوگیا۔
بعد مغرب دونوں شہروں میں رمضان کی گہما گہمی دیکھی گئی۔ ماہ صیام یا رمضان‘ ہجری کیلنڈر کا نواں مہینہ ہے‘ اسے قمری تقویم بھی کہا جاتا ہے۔ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی ہدایت کا سرچشمہ قرآن حکیم نازل کیا ہے۔ اللہ نے اس ماہ کے پورے روزے فرض قرار دیئے ہیں۔
رمضان میں مسلمان‘ زیادہ تر وقت تلاوت قرآن پاک‘ عبادتوں اور ذکرو اذکار میں گزارتے ہیں‘ غیبت‘ چغل خوری اور دیگر گناہوں سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کرتے ہیں۔ ماہ صیام کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں شہروں کی مساجد مصلیوں سے بھر گئیں اور نماز عشاء کے بعد صلوٰۃ تراویح کا اہتمام کیا گیا ہے۔
شہر کی چند اہم‘ تاریخی مساجد جیسے مکہ مسجد‘ شاہی مسجد‘ باغ عامہ‘ مسجد وزیر علی‘ جامع مسجد چارمینار‘ جامع مسجد افضل گنج‘ جامع مسجد ملے پلی‘ مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر‘ جامع مسجد مشیرآباد‘ جامع مسجد ایوان بیگم پیٹ دیگر مساجد میں تراویح کے روح پرور مناظر دیکھے گئے۔
تراویح میں مصلیوں کی سب سے زائد تعداد مکہ مسجد میں دیکھی گئی۔ شہر میں اپارٹمنٹس‘ فنکشن ہالس‘ دینی مدارس‘ گراؤنڈس پر بھی تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کے لئے علحدہ نظم تھا۔ اتوار کو پہلا روزہ ہوگا۔ سحری کے پکوان کے لئے سبزیوں دیگر اشیاء کی خریدی کے لئے دکانات پر ہجوم دیکھا گیا۔ صحت کے ماہرین نے روزہ داروں پر زور دیا کہ رمضان کے دوران مناسب خوراک کا خیال رکھیں۔
شہر کے میڈیکل پروفیشنل ڈاکٹر خضر رؤف نے کہا کہ تقریباً 13 گھنٹوں کا روزہ رہے گا۔ جسم میں پانی کی کمی شکایت پیدا ہوسکتی ہے۔ اس لئے افطار کے بعد‘ سحر میں پانی اور پھلوں کا زیادہ استعمال کریں۔ سحر میں دہی کا استعمال کریں اور افطار میں مرغن غذاؤں کے بجائے سبزیاں اور میوہ جات کا استعمال کریں۔