15 سال پرانی گاڑیوں میں نہیں ڈالا جائے گا پٹرول اور ڈیزل۔ دہلی حکومت کا فیصلہ

15 سال پرانی گاڑیوں میں نہیں ڈالا جائے گا پٹرول اور ڈیزل۔ دہلی حکومت کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ دہلی کی نو تشکیل شدہ بی جے پی حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے آج اعلان کیا کہ 31 مارچ کے بعد دہلی کے پٹرول پمپوں پر 15 سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کو پٹرول اور ڈیزل فراہم نہیں کیا جائے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ فیصلہ دہلی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے اور صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

 

سرسا نے ہفتے کے روز ایک میٹنگ کے دوران اس بات کا اعلان کیا جس میں آلودگی کے اثرات کم کرنے کے لیے مختلف پالیسیوں پر غور کیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا  ’’دہلی حکومت 31 مارچ کے بعد شہر بھر کے فلنگ اسٹیشنوں پر 15 سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنا بند کر دے گی۔‘‘ اس فیصلے کے تحت حکومت ایسی گاڑیوں کی شناخت کے لیے جدید آلات نصب کرے گی جو پٹرول پمپوں پر انہیں شناخت کرکے ایندھن کی فراہمی کو روکے گی۔

 

اس اقدام کا مقصد شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو قابو کرنا اور ماحول دوست گاڑیوں کی تعداد بڑھانا ہے۔اس کے علاوہ سرسا نے یہ بھی اعلان کیا کہ دہلی کے تمام بلند عمارتوں، ہوٹلوں اور کمرشل احاطوں میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ’اینٹی اسموک گن‘ نصب کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں تقریباً 90 فیصد پبلک سی این جی بسوں کو دسمبر 2025 تک مرحلہ وار طور پر الیکٹرک بسوں سے تبدیل کیا جائے گا، جو نہ صرف ماحول دوست ہوں گی بلکہ زیادہ طاقتور اور موثر بھی ہوں گی۔

 

کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات دہلی کی فضائی آلودگی کو کم کرنے اور شہر کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جس سے دہلی کے شہریوں کی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *