سعودی عرب میں آج پہلا روزہ

ریاض: سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان کے چاند نظر آگیا ہے جس کی مناسبت سے ہفتہ یکم مارچ کو پہلا روزہ ہو گا۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یکم رمضان 1446 ہجری ہفتے کے روز ہو گی۔

اس سے قبل سعودی عرب میں آج جمعہ کی شام رمضان المبارک کے چاند کی رؤیت کے لیے مشاہدہ کیا جا رہا تھا۔ العربیہ نیوز کے نمائندے کے مطابق تمیر کی رصد گاہ کے علاقے میں آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے تھے۔تمیر کی رصد گاہ کے اعلان کے مطابق رمضان المبارک کا چاند آج سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق شام 5:55 پر دیکھا گیا۔

چاند دیکھنے کے عمل میں شریک ایک فرد کا کہنا ہے کہ رؤیت ہلال کے لیے حالات سازگار تھے…بادلوں کی ٹکڑیاں رؤیت میں رکاوٹ نہیں بنیں اور رمضان کا چاند کچھ دیر میں نظر آگیا”۔تمیر کی رصد گاہ 1436 ہجری میں بالائی پہاڑی علاقے میں قائم کی گئی تھی۔ یہاں پتھر زیادہ اور ریت کم ہے جس سے رؤیت کا عمل آسان ہو جاتا ہے۔

مرکز کے مطابق توقع ہے کہ زیادہ تر اسلامی ممالک میں یکم رمضان ہفتہ یکم مارچ کو ہو گی۔بعض ایشیائی ممالک نے اس حوالے سے حتمی اعلان بھی کر دیا ہے۔سلطنت برونائی کے اعلان کے مطابق ملک میں پہلا روزہ اتوار 2 مارچ کو ہو گا۔اسی طرح ملائیشیا اور جاپان نے بھی یکم رمضان اتوار کے روز ہونے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں بھی رؤیت ہلال کمیٹی نے رمضان کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے لہذا پہلا روزہ اتوار 2 مارچ کو ہو گا۔ادھر انڈونیشیا اور آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ہاں یکم رمضان کا آغاز کل بروز ہفتہ ہو گا۔ہندوستان کے کسی علاقہ سے بھی آج رؤیت ِ ہلال کی اطلاع نہیں ملی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *