
نئی دہلی: دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 3 ارکانِ اسمبلی نے جمعرات کے روز نجف گڑھ اور مصطفی آباد اسمبلی حلقوں کے نام تبدیل کرنے اور دارالحکومت کے محمد پور گاؤں کا نام بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نجف گڑھ کی رکن اسمبلی نیلم پہلوان نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ اُن کے حلقہ کا نام بدل کرناہر گڑھ رکھ دیا جائے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے مغل حکمراں شاہ عالم دوم کی مخالفت کی تھی جب انھوں نے نجف گڑھ کا کنٹرول سنبھالا تھا۔
نجف خان کو اِس علاقہ کا گورنر مقرر کیا گیا تھا اور اُس وقت سے یہ علاقہ نجف گڑھ کہلاتا ہے۔ اخبار ہندوستان ٹائمز نے بھی ان کے حوالے سے کہا ہے کہ حکمراں ناہر سنگھ نے 1857 میں اِس علاقہ کا کنٹرول صوبہ دہلی کے تابع کیا تھا۔ اگر اس علاقہ کا نام ان کے نام پر رکھا جاتا ہے تو اسی صورت میں ناہر سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاسکے گا۔
رکن اسمبلی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نجف گڑھ کے عوام چاہتے ہیں کہ اس علاقہ کا نام تبدیل کیا جائے کیوں کہ ان پر ظلم ڈھایا گیا تھا۔ اُن کی اس تجویز کے بعد آر کے پورم کے بی جے پی رکن اسمبلی انیل شرما نے تجویز پیش کی کہ اُن کے حلقہ میں واقع محمد پور گاؤں کا نام تبدیل کرتے ہوئے مادھو پورم رکھا جائے۔
انھوں نے کہا کہ طویل عرصہ قبل میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) نے محمد پور گاؤں کا نام تبدیل کرنے کی تجویز کو منظوری دی تھی، لیکن سابق عام آدمی پارٹی حکومت نے اس معاملہ کو آگے نہیں بڑھایا۔