مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ ’’پونے کے سوارگیٹ بس اسٹینڈ پر ہماری بہن کے ساتھ زنا کا واقعہ مہذب سماج کے ہر رکن کے لیے انتہائی شرمناک، دردناک اور مشتعل کرنے والا ہے۔‘‘


علامتی تصویر، آئی اے این ایس
مہاراشٹر کے پونے میں سوارگیٹ بس اسٹینڈ پر ایک خاتون کے ساتھ عصمت دری معاملہ میں کارروائی کی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ڈیپو کے 23 سیکورٹی گارڈس کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے معطلی کا حکم جاری کیا ہے۔ انھوں نے نئے سیکورٹی گارڈس کو جمعرات یعنی 27 فروری سے کام پر آنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ عصمت دری کا ملزم فرار ہے اور اس کی تلاش کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ڈپو منیجر اور ٹریفک کنٹرولر سے پوچھ تاچھ بھی کی جائے گی اور ایک ہفتہ کے اندر جانچ کی رپورٹ پیش ہوگی۔ یہ رپورٹ ٹرانسپورٹ کمشنر کو سونپنے کے بعد کارروائی سے متعلق کچھ بڑے فیصلے لیے جائیں گے۔ پونے عصمت دری معاملے میں پرتاپ سرنائک نے جمعرات کی دوپہر 12.30 بجے میٹنگ بھی طلب کی ہے۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس شرمناک واقعہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’پونے کے سوارگیٹ بس اسٹینڈ پر ہماری بہن کے ساتھ عصمت دری کا واقعہ مہذب سماج کے ہر رکن کے لیے بے حد شرمناک، دردناک اور مشتعل کرنے والا ہے۔ ریاستی حکومت یہ یقینی کرنے کے لیے سبھی ضروری قدم اٹھائے گی کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا ملے۔ یہ میں مہاراشٹر کے سبھی بھائیوں، بہنوں اور ماؤں کو یقین دلاتا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر برائے ترقیٔ خواتین و اطفال اور ریاستی خاتون کمیشن کی صدر کو بھی متاثرہ کو انصاف، نفسیاتی مدد اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس درمیان پونے عصمت دری واقعہ پر شیوسینا یو بی ٹی لیڈر وسنت مورے نے پارٹی کے دیگر لیڈران کے ساتھ سوارگیٹ بس اسٹینڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وسنت مورے نے ریاستی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو حادثہ یہاں پیش آیا ہے، وہ سیکورٹی کیبن کے سامنے ہوا۔ اگر کسی خاتون کے ساتھ سیکورٹی کیبن کے سامنے عصمت دری ہوتی ہے تو کسی کو بھی وہاں بیٹھنے کا حق نہیں ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پونے کے سوارگیٹ ایس ٹی ڈیپو میں 26 سالہ لڑکی کے ساتھ عصمت دری کا حیران کرنے والا واقعہ صبح تقریباً 5.30 بجے پیش آیا۔ متاثرہ پھلٹن جانے کے لیے بس ڈپو آئی تھی۔ دتاترے رامداس گاڈے نامی ملزم نے اسے گمراہ کر کے غلط بس میں لے جا کر اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ سوارگیٹ پولیس اسٹیشن سے محض 100 میٹر کی دوری پر واقع اس ڈپو میں اس واقعہ کو انجام دیا گیا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ملزم دتاترے گاڈے نے متاثرہ کو بتایا کہ دوسری طرف کی شیوشاہی بس پہلے جائے گی۔ لڑکی کو اس پر شبہ ضرور ہوا، لیکن گاڈے کے کہنے پر وہ بس میں چڑھ گئی۔ اس کے بعد گاڈے نے اس کے ساتھ گھناؤنا عمل انجا دیا۔ اپنے ساتھ ہوئی زیادتی کی خبر متاثرہ نے رشتہ داروں کو دی، جنھوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے سوارگیٹ ایس ٹی ڈپو کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر دتاترے گاڈے کی شناخت کی ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔