اترپردیش کے سہارنپور میں محکمہ آبپاشی کی لاپرواہی کی وجہ سے مسلم قبرستان میں پانی بھر گیا۔ حالات اتنے خراب ہو گئے کہ پانی قبروں میں داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے کئی قبروں سے مٹی ہٹ گئی۔


اترپردیش کے سہارنپور میں محکمہ آبپاشی کی لاپرواہی کی وجہ سے مسلم قبرستان میں پانی بھر گیا۔ حالات اتنے خراب ہو گئے کہ پانی قبروں میں داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے کئی قبروں سے مٹی ہٹ گئی۔ مٹی ہٹ جانے کے سبب کئی قبروں میں دفن لاشیں باہر آنے لگیں۔ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے قبرستان کی دیوار گر گئی جس نے قبروں کو بری طرح متاثر کیا۔ اس واقعے کے بعد مسلم طبقہ میں کافی غم و غصہ دیکھا گیا۔ لوگوں نے فوری طور پر میونسپل کارپوریشن کے افسران کو اس بابت مطلع کیا اور پانی نکالنے کا مطالبہ کیا۔ یہ معاملہ ضلع کے میلہ گوگھال علاقہ میں شیعہ برادری کے قبرستان خواجہ دراں کا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ آبپاشی کی لاپرواہی کی وجہ سے رجواہے میں اتنا پانی بھر گیا ہے۔
واضح ہو کہ یہ معاملہ اتوار (23 فروری) کے دیر رات کا ہے۔ محکمہ آبپاشی میں لوگوں کی شکایت کے بعد دیر رات ہی میونسپل کارپوریشن کی ٹیم موقع پر پہنچ کر پانی نکالنے کا کام شروع کر دیا۔ اتوار رات سے پیر کے دوپہر تک قبرستان سے پانی نکالنے کا کام جاری رہا۔ قبرستان میں اپنوں کی قبریں دیکھنے کے بعد لوگوں نے محکمہ آبپاشی کو اس واقعہ کا ملزم قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے بغیر کسی اطلاع کے اچانک اتنا پانی رجواہے میں چھوڑ دیا، جس کی وجہ سے رجواہا اوور فلو ہوا اور پانی قبرستان میں پہنچ گیا۔
رجواہے کا پانی قبرستان کے ساتھ ساتھ بستیوں کے اندر بھی داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے لوگوں کا فی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق رجواہے سے آیا پانی قبر کے اندر تک چلا گیا، جس کی وجہ سے قبر کے اندر کی مٹی دھنس گئی اور کچھ مدفون لاشیں باہر آ گئیں۔ شیعہ برادری کے اس قبرستان میں 2 روز قبل ہی ایک خاتون کو دفنایا گیا تھا۔ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ضلعی حکام اس معاملے کی تحقیقات کریں، اور یقینی بنائیں کہ مستقبل میں محکمہ آبپاشی کی جانب سے اس طرح کی لاپرواہی نہ ہوں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔