ٹنل میں پھنسے افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات کم : جوپلی کرشنا راؤ

حیدرآباد (پی ٹی آئی) سری سیلم لیفٹ بینک کنال (ایس ایل بی سی) کے ٹنل (سرنگ) کاا زیر تعمیر ایک حصہ منہدم ہونے کے بعد گزشتہ 48گھنٹوں سے اندر پھنسے 8 افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات بہت ہی کم ہیں لیکن ان افراد تک پہونچنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔

تلنگانہ کے وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے پیر کے روز یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ سال 2023 میں اتر کھنڈ کے سلکاریا بینڈ۔ بارکاٹ ٹنل میں پھنسے افراد کو بچانے کی سرگرمیاں انجام دے چکی راٹ مائنرس کی ٹیم بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہوگئی ہے۔ وزیر نے کہاکہ پھنسے افراد کو بچانے کے لیے کم ازکم 3 سے 4دن کاوقت لگے گا۔

حادثہ کے مقام پر ملبہ اور کیچڑ کاانبار ہے جس کے سبب ریسکو آپریشن میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سچ پوچھیں تو پھنسے افراد کے زندہ بچ جانے کے بہت‘ بہت‘بہت ہی کم امکانات ہیں۔ اس لیے کہ میں خود سرنگ کے آخری سرے تک جاچکاہوں۔ مقام حادثہ سے تقریباً 50 میٹر تک وہ جاچکے ہیں جب ہم نے تصاویر لیں تو ٹنل کاآخری سرا دکھائی دیا۔

9میٹر قطر کے اس ٹنل جو تقریباً 30 فٹ ہے کے منجمہ 25 فٹ تک سرنگ مٹی سے بھر چکی ہے۔پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے جوپلی کرشنا راؤ نے کہاکہ جب ہم نے نام لے کر ورکرس کو پکارا تو ہمیں کوئی جواب نہیں آیا۔ اس لیے ان تمام کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس ٹنل کی چھت کے ایک حصہ کے منہدم ہونے کے بعد یہ مزدور‘یہاں گزشتہ 2 دنوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔ پھنسے ان افراد میں 2 انجینئرس ‘ 2 آپریٹرس اور 4 مزدور شامل ہیں۔

کرشنا راؤ نے کہاکہ ملبہ کی صفائی کے لیے کئی مشینوں کو لگایاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ ٹنل کی چھت منہدم ہوگئی جس کے سبب کئی سو ٹن وزنی ٹنل بورنگ مشین‘پانی کے زور سے تقریباً200 میٹرس تک بہہ گئی۔ انہوں نے کہاکہ اگر فرض کرلیں کہ یہ افراد بورنگ مشین کے نچلے حصہ میں ہیں تو سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ انہیں آکسیجن کہاں سے ملے گی۔

آکسیجن کی سپلائی اور مشینوں کے ذریعہ صفائی کا کام مسلسل جاری ہے۔ جوپلی جو وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے ساتھ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں‘ نے کہاکہ تمام کوششیں انجام دی جارہی ہیں اور کئی ایجنسیز بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔

میرے خیال میں ان لوگوں کو نکالنے میں 3 سے 4دن لگ جائیں گے۔ انڈین آرمی‘ این ڈی آر ایف اور دیگر ایجنسیوں کی مسلسل مساعی کے باوجود سری سیلم لیفٹ بینک کنال کی سرنگ کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہونے کے دو دن بعد بھی پھنسے افراد کے ریسکیو آپریشن میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیاتھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *