تلنگانہ میں کونسل کی 5 نشستوں کیلئے الیکشن، اعلامیہ کی 3مارچ کو اجرائی۔20 مارچ کو رائے دہی

حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایم ایل اے کوٹہ کے تحت مجوزہ تلنگانہ کے 5 اراکین کونسل کی آئندہ ماہ سبکدوشی اور 5نئے ارکان کے انتخابات کے ضمن میں آج ایک شیڈول جاری کردیاہے۔

تلنگانہ کے 5 سبکدوش ہونے والے ارکان میں محمدمحمود علی‘ ستیہ وتی راتھوڑ‘ شری سبھاش ریڈی‘ ملیش یگی (بی آر ایس) اور مرزا ریاض الحسن آفندی(مجلس) شامل ہیں جن کی میعاد آئندہ ماہ 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔

آج جاری کردہ شیڈول کے مطابق تلنگانہ میں مجوزہ 5 ایم ایل سی انتخابات کے لیے 3 مارچ کو اعلامیہ جاری کیاجائے گا۔ پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10مارچ ہوگی۔ 11مارچ کو پرچوں کی تنقیح ہوگی۔ پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ13 مارچ مقرر کی گئی ہے۔

رائے دہی 20مارچ کو 9بجے صبح تا4 بجے شام تک ہوگی۔ 20 مارچ کو 5 بجے شام سے ووٹوں کی گنتی ہوگی اور اس کے فوری بعد نتائج کا اعلان ہوگا۔ 24 مارچ کو انتخابی عمل مکمل ہوجائے گا۔آج جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق آندھراپردیش میں 29 مارچ کو 5 اراکین کونسل کی میعاد ختم ہورہی ہے۔

شیڈول کے مطابق پرچہ نامزدگی‘رائے دہی اور ووٹوں کی گنتی مذکورہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگی۔ آندھرا کے سبکدوش ہونے والے 5 ارکان میں کرشنا مورتی جنگا‘دیوی راما راؤ‘ پی اشوک بابو‘ بی تروملا نائیڈو اور اور ینملارام کرشنوڈو شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے دونوں ریاستوں کے ایم ایل سی انتخابات کے لیے مشترکہ شیڈول جاری کیاہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *