
گوہاٹی (پی ٹی آئی) سابق رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) سربراہ بدالدین اجمل (مولانا بدرالدین اجمل قاسمی) نے پیر کے دن آسام کے ایک رکن اسمبلی کی بیوی کے تعلق سے جنسی ریمارک پر معافی مانگ لی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ارادہ کسی کو ٹھیس پہنچانے کا نہیں تھا۔ وہ عورتوں کا بڑا احترام کرتے ہیں۔ اتوار کے دن میڈیا سے بات چیت کے دوران بدرالدین اجمل سے پوچھا گیا تھا کہ آزاد رکن اسمبلی اکھل گوگوئی کی بیوی گیتا شری تمولی کو چند سال قبل گوہاٹی کے ایک کالج کی فیکلٹی ممبر بنانے پر جاری تنازعہ پر آپ کا کیا کہنا ہے۔
69 سالہ سابق رکن پارلیمنٹ نے جواب دیا کہ وہ کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ وہ ”بوڑھی عورت“ ہے۔ بوڑھی ہونے کے باوجود وہ خود کو جوان سمجھتی ہے۔ مسئلہ، نوجوان عورت کا ہوتا تو وہ اس پر ضرور تبصرہ کرتے۔
بڑا تنازعہ پیدا ہوگیا۔ اکھل گوگوئی کی سیاسی جماعت رائجوردل نے پیر کے دن بدرالدین اجمل کے خلاف پولیس میں کم از کم 2 شکایتیں درج کرائیں۔
پارٹی کے مہیلا مورچہ نے بھی بونگٹی گاؤں پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ بدرالدین اجمل نے ویڈیو پیام میں معافی مانگ لی۔ تمولی کے تقرر پر تنازعہ اس وقت پیدا ہوا تھا جب چیف منسٹر ہیمنت بشواشرما نے گزشتہ ہفتہ ریاستی اسمبلی میں اشاروں اشاروں میں کہا تھا کہ تمولی نے مستحق امیدواروں کا حق مارکر نوکری حاصل کی تھی۔