
سنبھل (پی ٹی آئی) سنبھل کی شاہی جامع مسجد کی انتظامی کمیٹی نے مقدس ماہ رمضان سے قبل مسجد کی صفائی اور رنگ وروغن کیلئے محکمہ آثار قدیمہ سے اجازت طلب کی ہے۔
کمیٹی کے صدر ظفر علی نے اتوار کے دن بتایاکہ محکمہ آثار قدیمہ کو اس سلسلہ میں مکتوب بھیجا گیا ہے۔ اُنہوں نے زوردیکر کہاکہ صدیوں سے اس مسجد کی صفائی اور تزئین ہوتی رہی ہے جس پر محکمہ آثار قدیمہ نے کبھی بھی کوئی اعتراض نہیں جتایا تاہم شہر میں امن ہم آہنگی کی برقراری کے احتیاطی اقدام کے طورپر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس بار سرکاری اجازت لی جائے۔
ظفر علی نے واضح کیا کہ ماضی میں کوئی قانونی اعتراض نہیں ہوا لیکن 2018 میں عوام کی سہولت کیلئے گرل لگانے پر مسئلہ پیدا ہوا تھا۔ اُ س وقت یہ معاملہ پچھلی کمیٹی ہینڈل کررہی تھی۔
اُنہوں نے کہاکہ ہرسال رمضان سے قبل مسجد کی صفائی اور رنگ وروغن کی دیرینہ روایت رہی ہے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ محکمہ آثار قدیمہ اس کی منظوری دے گا تاکہ مقدس ماہ رمضان کی تمام تیاریاں آسانی سے ہوجائے۔