
واشنگٹن (پی ٹی آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ جوبائیڈن حکومت نے ہندوستان کو اُس کے انتخابات میں مدد کیلئے 18 ملین امریکی ڈالر کی رقم دی۔ اُنہوں نے کہاکہ ہندوستان کو اِس پیسے کی کوئی ضرورت نہیں۔
امریکی صدر نے یونائیٹیڈ اسٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ (یو ایس ایڈ) پر بار بار تنقید کی کہ اُس نے ہندوستان میں رائے دہی کا تناسب بڑھانے کیلئے 21 ملین امریکی ڈالر دیئے۔ ٹرمپ نے کل اپنی تقریر میں ہندوستان پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ امریکہ سے فائدہ اُٹھارہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہندوستان کو الیکشن میں مدد کیلئے 18 ملین امریکی ڈالر دیئے گئے۔ یہ رقم کیوں دی گئی۔ہم پرانے بیالٹ پیپر سسٹم کی طرف کیوں لوٹتے۔ ہم ہندوستان کو الیکشن کیلئے پیسہ دے رہے ہیں حالانکہ اس کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان ہم سے بہت فائدہ اُٹھارہا ہے۔
وہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکس عائد کرنے والا ملک ہے۔ ہمارے سامان پر وہاں 200 فیصد ٹیرف ہے اس کے باوجود ہم الیکشن کیلئے اُسے ڈھیر سارا پیسہ دے رہے ہیں۔ ٹرمپ نے بنگلہ دیش کو 29 ملین امریکی ڈالر دینے کیلئے بھی یو ایس ایڈ کو نشانہ تنقید بنایا۔ ٹرمپ کے 21 ملین ڈالر امریکی امداد والے بیان پر ہندوستان میں تنازعہ پیدا ہوگیا۔
وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ہفتہ دن کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ جو جانکاری دے رہا ہے وہ تشویشناک ہے اور حکومت اس کا جائزہ لے گی۔ کانگریس نے کل وزیر اعظم نریندرمودی سے کہاکہ وہ اپنے دوست سے بات کریں اور الزام کی پرزور تردید کریں۔