
نئی دہلی: جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور حیران کن پیشرفت! امریکی کمپنی ایلیف ایروناٹکس نے ایک ایسی کار متعارف کرائی ہے جو نہ صرف سڑک پر دوڑ سکتی ہے بلکہ ہوا میں بھی اڑ سکتی ہے۔ حال ہی میں اس کار کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔
اب تک اڑنے والی کاریں صرف فلموں میں ہی نظر آتی تھیںلیکن “ایلیف ماڈل زیرو” کے نام سے مشہور یہ کار حقیقت میں بھی اڑ سکتی ہے۔ امریکی کمپنی نے اس حیرت انگیز گاڑی کی ٹیسٹنگ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی پہلے عام کاروں کی طرح سڑک پر چلتی ہے، لیکن اچانک یہ اوپر اٹھتی ہے اور ہوا سے باتیں کرنے لگتی ہے!
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ یہ منفرد کار سڑک پر 200 میل تک دوڑ سکے گی۔ اس کی پرواز کی صلاحیت 110 میل تک ہوگی۔ دو افراد کے بیٹھنے کی صلاحیت رکھنے والی یہ کار آٹو پائلٹ موڈ میں بھی اڑائی جا سکتی ہے، اس میں 8 روٹرز ہیں جن کی مدد سے یہ کار آسانی سے ہوا میں بلند ہو سکے گی۔
رپورٹس کے مطابق ایلیف ماڈل زیرو کی متوقع قیمت 2.5 کروڑ روپے (تقریباً 3 لاکھ ڈالر) رکھی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کار کو صرف 13 ہزار روپے (150 ڈالر) میں پری بک کیا جا سکتا ہے۔ اب تک کمپنی کو 3300 سے زیادہ آرڈرز موصول ہو چکے ہیں۔
کمپنی نے کیلیفورنیا میں محفوظ اور بند سڑک پر اس کار کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اب توقع کی جا رہی ہے کہ کمرشل ماڈل جلد ہی مارکیٹ میں دستیاب ہوگا، جس کے بعد عام لوگ بھی اس کا استعمال کر سکیں گے۔