
دبئی: سابق کپتان اور اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کی ناٹ آؤٹ سنچری کی مدد سے ہندوستان نے چمپئنز ٹرافی 2025 کے اپنے دوسرے مقابلہ میں میزبان‘ دفاعی چمپئن اور روایتی حریف پاکستان کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔
ہندوستان کو جیت کیلئے 242 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 4 وکٹ کھوکر 42.3 اوورس میں حاصل کرلئے۔ حالانکہ ہندوستان کی شروعات ٹھیک نہیں رہی۔ کپتان روہت شرما 20 رن بناکر 31 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں شاہین آفریدی نے بولڈ کردیا۔
تاہم اس کے بعد ویراٹ کوہلی اور گل نے دوسری وکٹ کیلئے 69 رن بنائے۔ گل 52 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 46 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہندوستان نے 100 رن پر اپنے دو وکٹس گنوائے تاہم اس کے بعد ویراٹ کوہلی اور شریاس ایئر نے تیسری وکٹ کیلئے 114 رن بناکر ٹیم کی جیت کو یقینی بنادیا۔
ایئر 67 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا محض 8 رن پر پویلین لوٹ گئے۔ کوہلی نے ایک جانب شاندار بیاٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 111 گیندوں میں 100 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 7 چوکے لگائے۔ اکشر پٹیل 3 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 جبکہ ابرار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے سعود شکیل کی نصف سنچری کی مدد سے 241 رن بنائے۔
سعود شکیل نے 76 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 62 رن اسکور کئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق 10‘ بابراعظم 23‘ محمد رضوان 46‘ سلمان آغا 19‘ طیب طاہر 4‘ خوشدل شاہ 38‘ شاہین آفریدی صفر‘ نسیم شاہ 14 اور حارف رؤف 8 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو نے سب سے زیادہ 3‘ ہاردیک پانڈیا نے 2 جبکہ ہرشیت رانا‘ اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ویراٹ کوہلی کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔
پاکستان کا آئندہ مقابلہ 27 فروری کو بنگلہ دیش سے ہوگا جبکہ ہندوستانی ٹیم اپنا آخری لیگ میاچ نیوزی لینڈ کے خلاف 2 مارچ کو کھیلے گی۔