صنعت کار کے مکان سے 3 کروڑ مالیتی زیورات نقدی کے سرقہ کا معمہ حل

حیدرآباد: ٹاسک فورس ٹیم ایسٹ زون اور نارائن گوڑہ پولیس نے سرعت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے حمایت نگر میں ایک صنعت کار کے گھر میں پیش آئی ہائی فائی سرقہ کی واردات کی گتھی سلجھاتے ہوئے اس کیس کے 3 ملزمین گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 710 ڈائمنڈ جیولری، ایک کیلو 420 گرام طلائی زیوارت، 19 لاکھ 63 ہزار روپئے سے زائد نقد رقم، 24 بیرونی ممالک کی کرنسی اور 215 گرام وزنی چاندی کی اشیاء کو جن کی جملہ مالیت 3 کروڑ روپئے سے زائد بتائی جاتی ہے، ضبط کرلیا۔ سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے جمعرات کی شام یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی۔

پولیس کمشنر نے بتایاکہ گرفتار شدگان میں 35 سالہ ملہو مکھیا اور 29 سالہ سشیل مکھیا جو یہ دونوں بہار کے ضلع مدھوبنی کے موضع بیرول کے متوطن بتائے گئے ہیں کے علاوہ ان کا ساتھی 40 سالہ بنتی ارہی شامل ہیں، بسنتی ارہی مغربی بنگال کی متوطن ہے مگر وہ ملک پیٹ میں مقیم ہے۔

انہوں نے کہاکہ ممتاز صنعت کار روہت کیڈا کا خاندان رواں ماہ کے اوائل میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے دبئی روانہ ہوا۔ بتایاجاتا ہے کہ صنعت کار کے افراد خاندان حمایت نگر کے اپنے مکان میں طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء رکھ کر دبئی چلے گئے۔

دبئی روانہ ہوتے وقت کیڈیا خاندان نے بہار سے سشیل کو طلب کیا۔ سشیل نے کیڈیا خاندان میں بطور باورچی کام کیا تھا مگر اس نے ایک سال قبل یہاں سے چلاگیا۔ حمایت نگر کے گھر میں ایک ماہ تک قیام کرنے کی درخواست پر وہ دوبارہ جنوری کے اواخر میں شہر آیا۔

یہ معلوم ہونے کے بعد کہ خاندان کے افراد شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے دبئی جاچکے ہیں، سشیل نے اپنے دوست ملہوکو جودبئی میں مقیم تھا، فون کیا اور اُسے حمایت نگر کے مکان میں کام کرنے کیلئے شہر آنے کی دعوت دی۔ خاندان کے دبئی روانہ ہونے کے 5 دن بعد سشیل اور ملہو نے پیر کی رات، روہت کیڈیا کے مکان کے چند رومس میں داخل ہوکر کپ بورڈس کو کھولا اور ان دونوں نے یہاں سے 3 کروڑ مالیت کے املاک لیکر فرار ہوگئے۔

گھر کے ایک خادم ابھئے نے منگل کی صبح خاندان کو سرقہ کے بارے میں اطلاع دی اور اس نے نارائن گوڑہ پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس ٹیم نے مکان میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جس میں سشیل پایاگیا جو اس سرقہ کے کیس میں ملوث بتایاگیا ہے۔ پولیس نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن تک سشیل، ملہواور خاتونبسنتی کو ٹریس کیا یہ تینوں تلنگانہ ایکسپریس ٹرین میں سوار ہوگئے تھے۔

ان تینوں کو پکڑنے کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیموں کو بذریعہ فلائٹ بھوپال، ناگپور اور پٹنہ روانہ کیا گیا۔ ایک ٹیم نے انہیں ناگپور سے گرفتار کرلیا اور انہیں شہر لایاگیا۔اس سے قبل اس ٹولی کے ارکان نے گزشتہ سال جنوری میں دومل گوڑہ میں ایک خاتون کا قتل کرکے ایک کروڑ روپئے مالیت کے زیورات کاسرقہ کرلیا تھا۔

اس ٹولی کا طریقہ کار عالیشان گھروں کو منتخب کرنا قتل اور سرقہ کرنا تھا اور یہ ٹولی بالخصوص مارواڑی اور جین برادری کے مکانات کو منتخب کرتی تھی۔ ٹولی کے ارکان ان کے گھروں میں باورچی اور سیکوریٹی گارڈ کا کام کیا کرتے تھے۔ ملزمین کی گرفتاری میں نارائن گوڑہ اور ایسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم نے اہم رول ادا کیا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *