دونوں شہروں میں شب برأت کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام

حیدرآباد: دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں آج شب برأت کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔ مسلمانوں نے رات بھر جاگتے ہوئے خصوصی عبادتوں، مغفرت اور اپنے گناہوں کی بخشش کیلئے دعائیں کیں۔

شب برأت کا سب سے بڑا اجتماع مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں ہزاروں فرزندان توحید نماز عشاء ادا کی۔ حافظ وقاری محمد عبدالعلی صدیقی امام مکہ مسجد نے امامت کی۔ بعد ازاں جلسہ شب برأت منعقد ہوا۔ مولانا محمد عبدالعلی صدیقی اور مولانا وہاج احمد کامل الحدیث نے فضائل شب برأت پر روشنی ڈالی۔

شب برأت کے دیگر بڑے اجتماعات جامع مسجد چوک، جامع مسجد افضل گنج، جامع مسجد وزیر علی فتح دروازہ، جامع مسجد ملے پلی، شاہی مسجد باغ عامہ، جامع مسجد خیریت آباد، جامع مسجد مشیر آباد، جامع مسجد اعظم پورہ، جامع مسجد عنبرپیٹ، جامع مسجد بارکس، جامع مسجد وادی ہدیٰ، جامع مسجد سات گنبد، جامع مسجد گولکنڈہ، جامع مسجد سکندرآباد، جامع مسجد بوئن پلی، جامع مسجد کاروان کے علاوہ شہر کی دیگر مساجد میں منعقد ہوئے۔

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ جونیئر کالج چنچل گوڑہ پر مرکزی جلسہ شب برأت اور تحفظ ختم نبوت منعقد کیا گیا۔ بیرونی مہمان مفتی محمد ظفر نوری ازہری، مفتی فیض احمد مصباحی ودیگر علماء کرام نے اپنے خطابات میں فضائل شب برأت بیان کئے اور عامتہ المسلمین کو قرآن سنت پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔

قلی قطب شاہ اسٹیڈیم ہائی کورٹ روڈ پر کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جلسہ شب برأت کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔ جلسہ سے ممتاز مہمان علماء کرام، مولانا محمد فروع القادری، مفتی محمد رضاء ودیگر علماء کرام نے شب برأت کے فضائل وبرکات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور فرزندان توحید سے قرآن وحدیث کی تعلیمات پر کرتے ہوئے اپنی زندگی اور آخرت کو کامیاب بنانے کی تلقین کی۔

مسجد چوک میں امارت اسلامیہ کے زیر اہتمام جلسہ شب برأت منعقد ہوا۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ودیگر علماء نے خطاب کرتے ہوئے شب برأت کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو قرآن وسنت پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں جلسہ فضائل شب برأت کا اہتمام کیا گیا۔

جلسہ سے مولانا محسن بن ا لحمومی اور مولانا احسن بن الحمومی خطیب وامام نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔

درگاہ یوسفینؒ نامپلی میں کل ہند تنظیم ا صلاح ومعاشرہ کے زیر اہتمام لوح و قلم کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی ودیگر نے خطاب کیا۔ قبل ازیں شہر کے قبرستانوں میں مسلمانوں نے اپنے مرحومین کی قبور پر حاضری دی اور پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت کیلئے دعائیں کی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *