![چکن اور انڈوں کے استعمال پر پابندی نہیں، ڈاکٹر فاروق کا مشورہ](https://urdu.munsifdaily.com/wp-content/uploads/2025/02/chicken.jpg)
حیدرآباد: کچھ ریاستوں میں ہائی پیتھوجینک ایوئن انفلوئنزا (ایچ پی اے آئی) کے معاملات پر تشویش کے درمیان، ڈاکٹروں اور پولٹری ماہرین نے عوام کو دلاسہ دیا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور چکن اور انڈوں کا استعمال محفوظ ہے۔
مرکزی محکمہ حیوانات کے اسپیشل چیف سکریٹری سبیاساچی گھوش نے واضح کیا کہ محکمہ حیوانات کا حالیہ میمو تلنگانہ میں پولٹری کے تحفظ کے لیے صرف ایک احتیاطی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا لوگ چکن اور انڈے کھا سکتے ہیں۔ یہ میمو ایک احتیاطی اقدام ہے کیونکہ ایچ پی اے آئی کی دوسری ریاستوں میں اطلاع ملی ہے۔
محکمہ حیوانات نے تلنگانہ بھر کے ضلع کلکٹرس پر زور دیا ہے کہ وہ بائیو۔ سیکوریٹی اقدامات کو مضبوط کریں اور دوسری ریاستوں سے انفلوئنزا کے پھیلاؤ کو روکیں۔
اہم ہدایات میں پولٹری فارمرز اور عوام میں روک تھام کے بارے میں بیداری پیدا کرنا، بیمار پرندوں کی نقل و حمل پر پابندی، مردہ پرندوں کی مناسب انداز میں تلف کرنے کو یقینی بنانا، مرغیوں کی غیر معمولی اموات کی جلد اطلاع محکمہ ویٹرنری اور اینیمل ہسبنڈری کو دینے کی حوصلہ افزائی کرنا اور متعلقہ اقدامات پر غور کرنے کے لیے ضلعی سطح کے محکموں کے اجلاس کا انعقاد شامل ہے۔
شہر کے ایک ماہر امراض اطفال ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ مناسب طریقے سے پکا ہوا پولٹری اور پاسچورائزڈ ڈیری مصنوعات کھانے سے صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کم پکا ہوا پولٹری، گائے کا گوشت یا بغیر پاسچورائزڈ دودھ کا استعمال کرنا بیماری کا باعث بن سکتا ہے۔
تاہم، مرغی، انڈے اور گوشت کو تجویز کردہ اندرونی درجہ حرارت پر پکانے سے انفلوئنزا سمیت بیکٹریا اور وائرس ہلاک ہو جاتے ہیں۔ پولٹری ماہرین نے بھی چکن کے استعمال پر پابندی کی افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ احتیاطی تدابیر صرف پولٹری کی صحت کے لیے ہیں اور صارفین کے لیے چکن یا انڈوں سے بچنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔