جدہ میں غلاف کعبہ کی نمائش 25 مئی تک جاری رہے۔ اسلامی آرٹ بینالے 2025

ریاض ۔ کے این واصف

جدہ میں اسلامی آرٹس بینالے 2025 کے تحت غلاف کعبہ کی نمائش جاری ہے، رواں ہفتے متعدد تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سب سے خاص مکہ سے باہر پہلی بار مکمل غلاف کعبہ کو عوام الناس کے لیے نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

 

عرب نیوز کے مطابق نمائش میں ملکی و غیر ملکی زائرین کے لیے غلاف کعبہ کی انتہائی نفاست سے کی گئی بُنائی اور کڑھائی کو قریب سے دیکھنے اور تفصیل جاننے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ریشم سے تیار کی گئی غلاف پر سونے اور چاندی کے تاروں سے آیات مبارکہ تحریر کی جاتی ہیں۔

 

درعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی میزبانی میں جدہ میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کے حج ٹرمینل میں منعقدہ اسلامی آرٹ بینالے کا دوسرا ایڈیشن 25 مئی تک جاری رہے گا۔غلافِ کعبہ قرآنی آیات، اسماء حسنہ اور اسلامی طرز کی آرائش کے ساتھ اسلامی فنون کی تخلیق کی اعلیٰ ترین شکل تصور کیا جاتا ہے۔اس آرٹس نمائش کا مقصد زائرین کو قدیم اسلامی دستکاری اور اسلامی ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔

 

درعیہ بینالے فاؤنڈیشن کے مطابق غلاف کعبہ آیات کی منفرد خطاطی اور اسلامی نقش و نگار کے ساتھ اسلامی فنون کی اعلیٰ تخلیقی صلاحیتوں کی مثال ہے جو دنیا بھر سے آنے والے عازمین اور زائرین عمرہ کی زندگی میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔جدہ آرٹ بینالے اسلام اور مسلمانوں کی خدمات کے حوالے سے نایاب اسلامی فن پاروں کی عکاسی کرتی ہے۔یہ نمائش غلاف کعبہ کی تیاری کے مراحل میں غیر معمولی مہارت اور ہنرمندی کے ساتھ سعودی عرب میں دہائیوں پر محیط اسلامی خدمات کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

 

کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ 1927سے ہر سال خانہ کعبہ کے لیے نفیس کڑھائی شدہ خوبصورت غلاف تیار کر رہا ہے جو ہر سال تبدیل کیا جاتا ہے۔غلاف کعبہ کے ساتھ اسلامی آرٹس بینالے کے دیگر زون میں بے شمار قدیم تاریخی اسلامی نوادرات اور عصری فن پارے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *