خانہ کعبہ سے مشابہ ڈھانچہ تعمیر، ایک شخص گرفتار (ویڈیو)

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پولیس نے ایک شخص کو خانہ کعبہ سے مشابہ ڈھانچہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا ہے۔

گرفتار شدہ شخص کی شناخت عبدالرزاق لون ساکن واری پورہ کنزر کے طور پر ہوئی ہے جس کو عوام کی برہمی کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ عبدالرزاق لون نے خانہ کعبہ سے مشابہ ایک ڈھانچہ تعمیر کیا تھا جس کو دوران شب مقامی لوگوں نے رضاکارانہ طور پر منہدم کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘ابتدائی انکوائری سے معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہے لہذا اس کی قانونی طریقہ کار کے مطابق ضروری طبی جانچ کی جائے گی اور اکزیکٹیو مجسٹریٹ سے مطلوبہ احکامات حاصل کرنے کے بعد اسے نفسیاتی ہسپتال منتقل کیا جائے گا’۔

پولیس نے ایک ایڈوائزری میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا کسی دوسرے پلیٹ فارم پر اس واقعہ کے متعلق افواہیں یا غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ غیرمصدقہ معلومات کی گردش غیر ضروری تناؤ اور حقائق کی غلط تشریح کا باعث بن سکتی ہے ‘۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ افواہ پھیلانے یا بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا: ‘ہم تمام شہریوں سے امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کی درخواست کرتے ہیں ‘۔لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی قسم کے خدشات یا مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع سرکاری چیانلس کے ذریعہ پولیس کو دیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *